دہشت گردوں پرملک کی زمین تنگ ہوچکی ہے سربراہ پاک فوج

وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف

 پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کی اور متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کئے، راحیل شریف: فوٹو:فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کہتے ہیں کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیےقربانی دینےسےدریغ نہیں کرے گی اور دہشت گردوں پر ملک کی

زمین تنگ ہوچکی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق شندور پولوفیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ وہ شندور میں باصلاحیت اورہونہارجوانوں کے درمیان آکر بہت خوش ہیں، شندورفیسٹول سیاحت کے فروغ کے لئے خوش آئند ہے، یہ میلہ ملک کے روشن مستقبل کی دلیل اورترقی وسلامتی کاترجمان ہے، یہ فیسٹیول دہشت گردوں کو پیغام ہےکہ ہم اپنی روایات بلاخوف جاری رکھیں گے۔ وہ اس میلے کے انعقاد پرمبارک باد پیش کرتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ علاقے کے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترمواقع فراہم کئے جائیں۔ دہشت گردوں پرملک کی زمین تنگ ہوچکی ہے، وہ دن دور نہیں جب ہمارا وطن تعمیر و ترقی کی پہچان بنے گا۔





پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ آفات اورمشکلات میں پاک فوج اورایف سی نے لوگوں کا بھرپورساتھ دیا، آج پرامن فضا میں سانس لینا مسلح افواج کی بے پناہ کا میابیوں کا ثمرہے، پائیدارامن کے حصول کے لئے ہمارا سفراسی تسلسل سے جاری رہے گا لیکن اس سفر میں کامیابی کا دارومدار قوم کی مکمل حمایت اورنوجوان نسل کے کردارپرہے۔






آرمی چیف نے کہا کہ خوشی ہویا مصیبت، پاک فوج وطن کے دفاع کے لیےقربانی دینےسےدریغ نہیں کرے گی، انہیں اس بات کا احساس ہے کہ چترال اورگلگت کےلوگ کن مشکلات صورت حال سے دوچار ہیں، پاک فوج نے سیلاب متاثرین کی مدد کی ہے۔ سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کئے اور متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال متنقل کیا، ایف ڈبلیواو نے 50 سے زائد مقامات پر پلوں اور سڑکوں کی مرمت کی۔





آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شندور فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور میچ بھی دیکھا۔ اس موقع پر انہوں نے شندور پولو فیسٹیول کے منتظمین اور لوکل گورنمنٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور میچ کی فاتح ٹیم کے کپتان کو ٹرافی بھی پیش کی۔

Load Next Story