امریکی مہم جو کی پیراشوٹ کے بغیر25 ہزارفٹ کی بلندی سے چھلانگ

اسکائی ڈائیور لیوک ایکنز نے کیلیفورنیا کے میدان میں لگے جال پر چھلانگ لگا کرعالمی ریکارڈ قائم کیا۔

اسکائی ڈائیور لیوک ایکنز نے کیلیفورنیا کے میدان میں لگے جال پر چھلانگ لگا کرعالمی ریکارڈ قائم کیا۔ فوٹو: بشکریہ فوکس نیوز

تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک اسکائی ڈائیور نے پیراشوٹ کے بغیر 25 ہزار فٹ کی بلندی سے ایک جال پر چھلانگ لگا کر دنیا کو حیران کردیا۔

42 سالہ امریکی شہری لیوک ایکنز نے کیلیفورنیا کی سائمی ویلی میں پیرا شوٹ کے جہاز سے ایک خاص جال پر چھلانگ لگائی جس میں وہ کامیاب رہے جب کہ یہ پورا واقعہ ٹی وی پر براہِ راست دکھایا گیا۔ ایکنز نے طیارے سے چھلانگ لگا کر ہوا میں تیرتے ہوئے اپنا رخ اس دوہرے جال کی طرف کردیا جو 100 مربع فٹ پر پھیلا ہوا تھا ۔ ایکنز بہت درستگی کے ساتھ اس جال پر اترگئے اور اس کے بعد اپنے بچے اور بیوی سے ملے جو دم سادھے اس منظر کو دیکھ رہے تھے۔

زندگی اور موت کے اس خوفناک منظر کو ایک گھنٹے تک ٹی وی پر براہِ راست اس ہدایت کے ساتھ دکھایا گیا کہ کوئی بھی اسے دوہرانے کی کوشش نہیں کرے گا۔ پہلے 10 ہزار فٹ کے سفر میں ایکنز نے ایک آکسیجن ٹینک کا استعمال کیا جو جلد ہی اس سے الگ کردیا گیا۔ اس کی فلم بنانے والے افراد اور آکسیجن ٹینک جمع کرنے والے عملے نے زمین سے 5 ہزار فٹ کی بلندی پر اپنے پیراشوٹ کھول دیئے تھے لیکن ایکنز بغیرپیرا شوٹ کے سیدھا اس جال پر گرے جہاں انہیں کودنا تھا۔




امریکی مہم جو ایکنز کا خیال تھا کہ پیراشوٹ پہن کروہ رکاوٹ محسوس کریں گے اور جال تک نہیں پہنچ سکیں گے بلکہ دائیں اور بائیں گرجائیں گے۔ ایکنز زمین پر 120 میل فی گھنٹے کی رفتار سے بڑھے تھے اور اس صورت میں جال کی بجائے فرش پر گرنے سے ان کی ہلاکت یقینی تھی۔

کامیاب اسٹنٹ کے بعد ایکنز کا کہنا تھا کہ میں ہوا میں تیررہا تھا اور یہ ایک زبردست تجربہ تھا جب کہ انہوں نے اپنی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس نے اس خطرناک اسٹنٹ کو ممکن بنایا۔ جہاز میں بیٹھنے سے قبل انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ پیراشوٹ پہنیں لیکن ایکنز نے کہا کہ وہ پیرا شوٹ نہیں کھولیں گے۔ اس کے بعد ایکنز نے پیراشوٹ کو ہوائی جہاز میں ہی جان بوجھ کررکھ دیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی مہم جو نے جس جال پر چھلانگ لگائی وہ جال سمندر میں مچھلیوں کو پکڑنے کے کام آتا ہے۔

Load Next Story