علومی کریم نے بھارتی سورما کو شکست دیکر اپنی فتح مظلوم کشمیریوں کے نام کردی

پاکستانی کھلاڑی علومی کریم شاہین نے ورلڈ سیریز آف فائٹنگ گلوبل چیمپئین شپ میں بھارتی سورما کو شکست دی

ایونٹ میں  مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت سے متعلق مسلسل خبریں مل رہی تھیں،علومی کریم شاہین فوٹو: فائل

پاکستانی کھلاڑی علومی کریم شاہین نے ورلڈ سیریز آف فائٹنگ گلوبل چیمپئین شپ میں بھارتی سورما کو ہرا کر اپنی جیت کشمیری عوام کے نام کردی۔

دنیا کے تیسرے بڑے مکس مارشل آرٹس فائٹنگ ایونٹ ورلڈ سیریز آف فائٹنگ گلوبل چیمپئین شپ کا سالانہ میلہ فلپائن میں سجا۔ جس میں پاکستان کے علومی کریم شاہین نے یدوندر سنگھ کو شکست دے دی جو ایونٹ میں مسلسل 4 برسوں سے ناقابل شکست تھا۔ دوسری جانب علومی کے ساتھ دوسرے پاکستانی فائٹر احمد مجتبیٰ نے بھی فلپائن کے نیل لارانوو کو شکست دے دی ہے۔




ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے علومی کریم شاہین نےکہا کہ ایونٹ میں کامیابی اللہ کی مہربانی یہ سب ان کے والدین کی دعا کا نتیجہ ہے۔ ایونٹ میں شرکت اور پریکٹس کے دوران ان کی ٹیم کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت سے متعلق مسلسل خبریں مل رہی تھیں ، اس کے علاوہ ایونٹ میں ان کا مقابلہ بھی بھارتی سورما سے تھا ، جسے انہوں نے شکست دے دی۔

25 سالہ علومی کریم شاہین کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور وہ ملک کے سب سے بہترین مکس مارشل آرٹس فائٹر ہیں۔ ان کے بڑے بھائی احتشام کریم بھی سابق مکس مارشل آرٹس فائٹر ہیں اور اسلام آباد میں اپنا فائٹنگ کلب چلاتے ہیں، احتشام کریم نے علومی کی فتح پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ علومی چیمئین شپ میں کامیابی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

Load Next Story