سنوری رہیں یہ گھنیری زلفیں

آپ بھی بال دھوتے ہوئے یہ غلطیاں تو نہیں کرتیں؟


سحرش پرویز August 01, 2016
آپ بھی بال دھوتے ہوئے یہ غلطیاں تو نہیں کرتیں؟ ۔ فوٹو : فائل

لاہور: بال بڑھانے کے لیے لڑکیاں بالیاں کیا کیا جتن نہیں کرتیں۔ کبھی کوئی ٹوٹکا آزماتی ہیں، تو کبھی کوئی طریقہ۔۔۔ بال بڑھانا مشکل نہیں، لیکن سب سے اہم بات ہے، لمبے بالوں کی حفاظت کرنا اور انہیں صاف رکھنا۔ ہمارے ہاں اکثر خواتین بالوں کو روز شیمپو کرتی ہیں کہ اس سے بال زیادہ صاف اور چمک دار رہیں گے، جب کہ وہ یہ نہیں جانتیں کہ بالوں کو روز شیمپو کرنے سے بال کمزور اور روکھے ہو جاتے ہیں۔

اس لیے بہتر یہی ہے کہ بالوں کو ہفتے میں دو بار شیمپو کیا جائے، تاکہ ان کی مضبوطی اور چمک برقرار رہے۔ بہت سی خواتین بالوں کو دھونے کے درست طریقے سے واقف نہیں ہوتیں، جو براہ راست ان کے بالوں کی کمزوری کا باعث بنتا ہے۔

ضروری ہے کہ بالوں کو شیمپو کرنے سے پہلے صابن سے دھو لیں اور اس کے بعد ایک دفعہ نیم گرم پانی سے بھی دھولیں۔ خیال رہے زیادہ گرم پانی استعمال نہ کریں۔ اس سے آپ کے سر کے جڑوں کے مسام کھل جاتے ہیں۔ چاہے بالوں پہ کنڈیشنر استعمال کریں۔ اسے بھی ٹھنڈے پانی سے دھوئیں۔ بالوں کو خشک کرنے کے لیے ہمیشہ تولیے کا استعمال کریں اور ہلکے ہاتھوں سے بالوں کو خشک کرلیں۔ اس سے آپ کے بال ٹوٹنے کا خدشہ کم ہوتا ہے اور بال زیادہ الجھتے بھی نہیں۔ بالوں کو دھونے سے پہلے ہمیشہ دو سے تین گھنٹے تک سر پہ تیل لگا لیا کریں۔

تیل لگانے سے آپ کے بال دھونے کے بعد نرم و ملائم ہو جائیں گے اور ان میں چمک بھی آ جائے گی۔ بالوں کو شیمپو کرنے سے پہلے اور درمیان میں سلجھاتے رہیں، تاکہ بالوں میں جو الجھاؤ ہے، وہ گیلے پن میں ہی سلجھتا رہے، کیوں کہ خشک بالوں کو سلجھانے سے بال ٹوٹ جاتے ہیں۔ شیمپو کو ہمیشہ تھوڑے سے پانی میں ملا کے بالوں پہ لگانا چاہیے، اس سے شیمپو کا استعمال بھی کم ہوتا ہے اور شیمپو بالوں میں زیادہ اچھی طرح لگتا ہے۔ بالوں کو کنڈیشنر کرنا بھی بالوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔

یہ اہم نہیں کہ آپ بال دھونے کے بعد ہی کنڈیشنر کا استعمال کریں۔ بالوں کو ہلکا سا خشک کر کے جب بالوں میں برش کر نے لگیں، تب بھی کنڈیشنر کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سر کی جڑوں پہ کنڈیشنر لگا کر برش کی مدد سے اسے بالوں کے آخر تک بہ آسانی لگایا جا سکتا ہے۔ شیمپو یا کنڈیشنر لگانے کے بعد صرف انگلیوں کی پوروں کی مدد سے دائروں کی شکل میں بالوں کا مساج کریں۔ مساج کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ ایک منٹ ہونا چاہیے۔ اگر آپ بال دھونے کے دوران ہی بالوں کو برش کرلیں، تو اس سے آپ کے بال کم سے کم گریں گے اور زیادہ الجھیں گے بھی نہیں۔

کبھی بالوں پہ دو بار شیمپو نہ لگائیں اور زیادہ گرم پانی بالوں کو دھونے کے لیے استعمال نہ کریں۔ روزانہ ہیئر ماسک کا استعمال نہ کریں، بلکہ ہفتے میں دو بار ہیئر ماسک لگائیں۔ کنڈیشنر کا استعمال ضرور کریں۔ یہ کچھ احتیاطیں اور طریقے ہیں، اچھے بالوں کے لیے جنہیں ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |