سندھ میں رینجرز کو سیاسی فٹبال نہیں بننے دیں گے چوہدری نثار

رینجرز صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں ہے اس لیے نوٹیفکیشن صوبہ بھر کے لیے ہوتا ہے، وفاقی وزیرداخلہ

رینجرز صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں ہے اس لیے نوٹیفکیشن صوبہ بھر کے لیے ہوتا ہے، وفاقی وزیرداخلہ، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے سندھ میں رینجرز کو سیاسی فٹبال نہیں بننے دیں گے اور رینجرز صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں ہے اس لیے نوٹیفکیشن صوبہ بھر کے لیے ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت آج کے اجلاس میں کئی اہم معاملات زیرغور آئے جب کہ اگلے ہفتے ایک اہم اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں آئندہ کی پیشرفت سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی تصدیقی مہم ایک ماہ پہلے شروع کی گئی اور اب تک 2 کروڑ 24 لاکھ شناختی کارڈ کی تصدیق ہوئی تاہم 31 اگست کے بعد جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور باقاعدہ مقدمات کا آغاز ہوگا جس میں 14 سال قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ چوہدری نثار نے یکم جولائی سے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کرنے کی منظوری دیدی

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں ساڑھے 10 کروڑ شناختی کارڈ ہیں اور اب تک22 ہزارلوگوں نے بتایا ان کے فیملی ٹری میں غیرمتعلقہ شخص کا اندراج ہے جن میں اکثریت غیرملکیوں کی ہے جب کہ زیادہ تر مشتبہ شناختی کارڈز، پاسپورٹ مشرف اور پیپلزپارٹی کے دورمیں بنے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ بیرون ملک تعلق رکھنے والے افراد کے پاس اگر پاکستانی شناختی کارڈ ہیں تو وہ خود ہی ان کی تصدیق کرکے گرفتاری یا جیل سے بچ سکتے ہیں ورنہ انہیں ڈی پورٹ کیے جانے سمیت جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سندھ رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کر دی گئی

سندھ میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بھی رینجرز اختیارت کے معاملے پر بات ہوئی اور وفاق کی جانب سے کچھ اہم فیصلے ہوئے لیکن مجھے میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اس لیے وہ باتیں اب یہاں بتانا مناسب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں ہے اس لیے رینجرز کے اختیارات کا نوٹیفکیشن صرف کراچی کے لیے نہیں بلکہ پورے صوبے کے لیے ہے جب کہ امید ہے کہ رینجرز کو اختیارات دینے کا سلسلہ اب جاری رہے گا اور کراچی آپریشن اب صحیح ڈگر پر چلے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ رینجرز کو سندھ میں مکمل اختیارات دیں گے، چوہدری نثار

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن مفت میں نہیں ہوا اس میں کئی شہادتیں ہوئی اور متعدد اہلکار و افسران زخمی بھی ہوئے ہیں، رینجرز کو سیاسی فٹبال نہ بنایا جائے اور اختیارات میں توسیع کے معاملے کو سیاسی مصلحت کی نذر نہیں کرنا بلکہ انہیں اعتماد دینا ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ رینجرز اختیارات میں توسیع بہت ضروری ہے کیوں کہ ہماری سول آرمڈ فورسز اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ جوابی کارروائی کریں اس لیے اختیارات نہ دینا زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے جب کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہمارے 2 فوجی جوان اور لاڑکانہ میں ایک رینجرز اہلکار دن دہاڑے شہید کیے گئے لیکن اس کی اب تک کوئی نشاندہی نہیں کی گئی۔
Load Next Story