حنیف محمدکا علاج بورڈ پیچھےجبکہ حکومت بازی لے گئی

صرف پریس ریلیزجاری کرنے پراکتفا،ایک گلدستہ بھیج کر فرض پورا سمجھ لیا گیا

ظہیر عباس اور شعیب سمیت سابق اورموجودہ کرکٹرزلٹل ماسٹرکی صحتیابی کیلیے دعاگو فوٹو: فائل

حنیف محمد کا علاج کرانے کے معاملے میں پی سی بی پیچھے رہ گیا اور حکومت بازی لے گئی، بورڈ حکام نے جلد صحتیابی کیلیے محض پریس ریلیز جاری کرنے پر اکتفا کیا اور سابق عظیم بیٹسمین کو ایک گلدستہ بھیج کر سمجھ لیا کہ فرض پورا ہو گیا۔


ملک کیلیے کئی کارنامے انجام دینے والے حنیف محمد کے علاج کا تمام خرچ وزیر اعظم نے برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کرنے والا امیر بورڈ اپنے سابق عظیم سپوت پر اگر چند لاکھ روپے صرف کر دیتا تو اس سے اچھی مثال قائم ہوتی۔ دوسری جانب سابق اور موجودہ کرکٹرز حنیف محمد کی جلد صحتیابی کیلیے دعاگو ہیں، ظہیرعباس نے کہا کہ سابق اسٹار نے ملک کیلیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، وہ میرے آئیڈیل کرکٹر ہیں، لٹل ماسٹر جب میدان میں کھیلنے کے لیے اترتے تھے تو میری ہمیشہ یہ دعا رہتی تھی کہ ان کو چوٹ نہ لگ جائے اور وہ زیادہ سے زیادہ رنز بنائیں، میں نے کرکٹ میں ان سے بہت کچھ سیکھا ہے، اللہ تعالیٰ انھیں مکمل صحت عطا فرمائے، انھوں نے قوم سے بھی لیجنڈ کی صحتیابی کیلیے دعا کاکہا ہے۔

شعیب اختر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ لٹل ماسٹر اس مشکل دور سے باہر نکل آئینگے، میں ان کے جلد صحتیاب ہونے کیلیے پُرامید ہوں، انھوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی ہیرو اور عظیم کرکٹرکے علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اچھا فیصلہ کیا، میں اسے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہاکہ میں دعاگو ہوں کہ حنیف محمد جلد صحتیاب ہوں اور انھیں لمبی عمر ملے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹویٹر پر اپنے فالوورز سے کہا کہ حنیف محمد اسپتال میں داخل ہیں، سب ان کیلیے دعا کریں۔
Load Next Story