سندھ گیمز کا آج آغاز حیدرآباد چوتھی بار میزبانی کریگا

مردوں کے 34 اورخواتین کے 16کھیل شامل۔

پانچ ریجنز دفاعی چیمپئن کراچی، میرپور خاص، لاڑکانہ، سکھر اور میزبان کے دو ہزارکھلاڑی و آفیشلز شریک فوٹو فائل

16 ویں سندھ گیمز کا آغاز اتوار کو ہو گا،حیدرآباد چوتھی بار میزبانی کریگا، مقابلے 4 دسمبر تک جاری رہیں گے۔

اس بار مردوں کے 34 اور خواتین کے 16 کھیل منعقد کیے جائیں گے، تین روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں صوبے کے پانچ ریجنزکراچی، میرپور خاص،لاڑکانہ،سکھر اور میزبان حیدرآبادکے دو ہزار مرد و خواتین کھلاڑی و آفیشلز شرکت کررہے ہیں۔

مردوں کے 34 اور خواتین کے 16 کھیل شامل ہوں گے، مرد پلیئرز ایتھلیٹکس،بیڈمنٹن، بیس بال،باسکٹ بال، باڈی بلڈنگ، باکسنگ، شطرنج، سائیکلنگ، فٹبال، جمناسٹک، ہینڈ بال، ہاکی،جوڈو، جوجٹسو، کبڈی، کراٹے، کک باکسنگ، نیٹ بال، سوئمنگ، سپک ٹاکرا، سافٹ بال، اسکواش،ٹیبل ٹینس، تائی کوانڈو، ٹینس،تھروبال، والی بال،ویٹ لفٹنگ، ووشو، ریسلنگ، کوڈی کوڈی، ملاکھڑا، شوٹنگ بال اور ونجھ وٹی شامل ہیں۔ .


خواتین ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن ،باسکٹ بال،ہینڈ بال، ہاکی،جوڈو،کراٹے،نیٹ بال، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس،تائی کوانڈو، ٹینس، تھروبال، والی بال، پنجہ آزمائی اور سپک ٹاکرا میں قسمت آزمائی گی۔ حیدرآباد کو چوتھی بار صوبائی سطح کے سب سے بڑے ایونٹ کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے۔



اس سے قبل1991، 2000 اور 2006 میں بھی گیمز یہاں منعقد کیے جا چکے،کراچی، لاڑکانہ، میرپورخاص اور سکھر میں3،3 بار مقابلوں کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ سندھ گیمزکی27 سالہ تاریخ میں کراچی کے کھلاڑیوںکا پلڑہ ہمیشہ بھاری رہا، 15 گیمز کی '' جنرل و موہنجودڑو ٹرافی'' بھی شہرقائدکے پاس رہی اور اس بار بھی کھلاڑی اعزازکے دفاع کا عزم لیے حیدرآباد پہنچے ہیں، پہلے سندھ گیمزکا انعقاد ضلعی سطح پر 1986میں لاڑکانہ میں کیا گیا، اس میں مردوں کے 10اور خواتین کا ایک کھیل شامل کیا گیا۔

رواں سال مارچ اور اپریل میں میرپورخاص میں 15ویں سندھ گیمزکا انعقاد کرتے ہوئے مردوں کے لیے 33 اور خواتین کے 14کھیل شامل کیے گئے، ایونٹ میں جہاں کھلاڑی در بدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے، وہیں منتظمین اور سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے مابین کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے کے تنازع پر فٹبال ایسوسی ایشنز نے ایونٹ کا بائیکاٹ کیا،اب محض 7 ماہ بعد ہی حیدرآباد میں 16ویں سندھ گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے،ایک ہی سال میں دو ایونٹس کا یہ پہلا موقع ہوگا۔
Load Next Story