فلنٹوف نے باکسنگ رنگ میں بھی فتح کا جھنڈا گاڑھ دیا

بیٹسمینوں کا دل بائونسرز سے دہلانے والے سابق کرکٹرمکوں کاجلوہ دکھانے میں کامیاب


Sports Desk December 02, 2012
پہلی فائٹ میں ناک آئوٹ کاخطرہ ٹالتے ہوئے پوائنٹس پر امریکی حریف ڈائیسن کو پچھاڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: سابق انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے باکسنگ رنگ میں بھی فتح کا جھنڈا گاڑھ دیا۔

ناک آئوٹ کا خطرہ ٹالتے ہوئے انھوں نے پوائنٹس پر امریکی حریف رچرڈ ڈائیسن کو پچھاڑا، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید پروفیشنل فائٹس کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کروں گا۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے میدانوں میں بیٹسمینوں کا دل بائونسرز سے دہلانے والے سابق انگلش آل رائونڈر اینڈریو فلنٹوف نے اب پروفیشنل باکسنگ میں اپنے مکوں کا بھی جلوہ دکھا دیا، انھوں نے اپنی پہلی بائوٹ میں امریکی حریف رچرڈ ڈائیسن کو پہلے حیران اور پھر شکست دے کر پریشان بھی کردیا۔

05

فلنٹوف نے اس فائٹ کیلیے پانچ ماہ تک بھرپور تیاری کی اور 50 پائونڈز کے قریب وزن بھی کم کیا، جب وہ مانچسٹر ارینا میں داخل ہوئے تو لنکا شائر کرکٹ کی شرٹ پہن رکھی تھی مگر ان کے چلنے کا انداز پویلین سے باہر آنے سے قطعی مختلف تھا، وہاں پر موجود 5 ہزار تماشائیوں نے کھڑے ہوکر ان کا استقبال کیا۔

ان میں کچھ باکسنگ کے دیوانے اور کچھ وہ شائقین تھے جو فلنٹوف کو کرکٹ کے میدان میں پسند کرتے تھے،چند لوگ یہ دیکھنے آئے تھے کہ ایک سابق کرکٹر باکسنگ رنگ میں کیا جلوہ دکھاتا ہے۔ فلنٹوف کے کچھ سابق کرکٹر ساتھی رنگ کے قریب موجود انھیں کرکٹ گرائونڈ سے باکسنگ رنگ کا فاصلہ طے کرتے ہوئے دیکھ رہے تھے۔

06

ان میں میتھیو ہوگارڈ اور اسٹیو ہارمیسن بھی شامل تھے۔ فلنٹوف نے 2 منٹ پر مشتمل پہلا رائونڈ آسانی سے جیت لیا مگر دوسرے کے آغاز میں ہی ڈائیسن کا ایسا پنچ پڑا کے چکرا کر نیچے گر پڑے، اس موقع پر ان کے ناک آئوٹ ہونے کا خطرہ پیدا ہوا مگر ریفری کے 8 تک گنتے ہی وہ اٹھ کر کھڑے ہوگئے۔

انھیں اس فائٹ میں 39-38 کے اسکور سے فاتح قرار دیاگیا، ڈائیسن کی یہ تیسری پروفیشنل فائٹ تھی۔ فلنٹوف نے بعد ازاں کہا کہ یہ ذاتی حیثیت میں میرے لیے ایشز سے بھی اہم کامیابی ہے مگر ابھی میں نے مزید فائٹس کا فیصلہ نہیں کیا، اس پر کرسمس کی چھٹیوں میں غور کروںگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں