رینجرز اختیارات میں توسیع وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کردی

سندھ حکومت کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی، ذرائع وزارت داخلہ


ویب ڈیسک August 02, 2016
سندھ حکومت کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی، ذرائع وزارت داخلہ -فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کی گئی رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری مسترد کردی ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات میں 90 روز کی توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا تاہم وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی یہ سمری مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے قانونی ماہرین نے سمری کا جائزہ لینے کے بعد سمری ابتدائی طور پر مسترد کردی۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی اس میں قانونی اورآئینی پیچیدگیاں ہیں اور یہ سمری آئین کے آرٹیکل 147 کے مطابق نہیں ہے.

اس خبر کو بھی پڑھیں: چوہدری نثار کو تصادم کی سیاست راس نہیں آئے گی، مولا بخش چانڈیو



رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خصوصی اختیارات کا قانون 14جون کو ختم ہوچکا ہے جب کہ رینجرز کو اختیارات صرف کراچی کے لیے دیے گئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سندھ میں رینجرز کو سیاسی فٹبال نہیں بننے دیں گے، چوہدری نثار



دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ اسمبلی اختیارات کے مطابق فیصلے کررہے ہیں اور رینجرز کو سندھ اسمبلی کے فیصلے کی روح کے مطابق اختیارات دیے جب کہ جہاں ضروری ہو رینجرز کی تعیناتی سندھ حکومت کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز تعیناتی کا اختیار چوہدری نثار کے پاس نہیں لہذا وہ وائسرائے بننے کی کوشش نہ کریں جب کہ چوہدری نثار دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اتفاق رائے سبوتاژ کرناچاہتے ہیں۔

اس خبر کو پڑھیں؛ سندھ رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع کر دی گئی

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رینجرز کے قیام میں ایک سال جب کہ کراچی آپریشن کے لئے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کی منظوری دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں