ایم کیوایم نے فلسفۂ حسینی پر علم حق پرستی بلند کیا ہے شہربانو

متحدہ شعبہ خواتین کے تحت یومِ حسینؓ کا اہتمام، کشور زہرا اور اراکین کا خطاب.

تقریب میں حوریا فہیم، نرگس عباس اورعنبرین نسیم نے نعت، سلام ومنقبت پیش کی فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ شعبہ خواتین کے زیراہتمام حسبِ روایت یومِ حسینؓ کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف اسکالر شہربانو والا جاہی ، ایم کیوایم شعبہ خواتین کی انچارج و اراکین نے تقریب سے خطاب کیا۔

اس موقع پر ایم کیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی کمیٹی کی ذمے داران و کارکنان موجود تھیں، تقریب سے شہربانو والا جاہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؓ نے حق اور سچ کی خاطر کر بلا کے میدان میں سر کٹانا تو گوارا سمجھا لیکن یزیدیت کے آگے سر خم نہیں کیا اور شہدائے کربلا کا واقعہ ہمیں صبر و استقامت ،بر داشت اور حق اور سچ بات پر ڈٹے رہنے کا درس دیتاہے۔




انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم اصولوں کی سیاست کرتی ہے اور اس پرآشوب دورمیںبھی فلسفۂ حسینی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حق پرستی کا علم بلند کیے ہوئے ہے، ہندوکمیونٹی سے تعلق رکھنے والی منگلا شرمانے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے حق کی بات کی اور باطل کے سامنے ڈٹ گئے، میدانِ کربلا میں جو بڑی تعداد میں تھے وہ جیت کر بھی جنگ ہار گئے اور جو نہتے تھے وہ ہار کر بھی جیت گئے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کمیونٹی بھی یومِ حسینؓ مناتی ہے، آج میں اور میری کمیونٹی متحدہ کے پلیٹ فارم پر اپنے آپ کو بہت محفوظ تصور کرتے ہیں، اس موقع پرشعبہ خواتین کی انچارج کشور زہرا نے یومِ حسینؓ میں شرکت کرنے پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ آپ کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ آپ حق کے ساتھ ہیں، حق کو سمجھنا اس پر قائم رہنا جی داری کا کام ہے تاریخ گواہ ہے کہ حق کے راستے میں عورتوں کا بہت بڑا کردار رہا۔



رسولِ ؐخدا نے اس پیغامِ حق کی کسی بھی قسم کی تشہیر سے پہلے اپنی زوجہ حضرت بی بی خدیجہؓ کواعتماد میںلیا، تقریب میں حوریا فہیم، نرگس عباس اورعنبرین نسیم نے نعت، سلام اور منقبت پیش کی، قرأت کی سعادت عرشیہ فواد جبکہ نظامت کے فرائض مرکزی کمیٹی ممبر شاہین شیر دین نے انجام دیے۔
Load Next Story