اے این پی کے دفاتر پرکھلم کھلا حملے کیے جارہے ہیں شاہی سید

بلدیہ ٹائون میں وارڈ آفس پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی،اے این پی اعلامیہ

مشتعل کارکنوں کی نعرے بازی،رانا گل آفریدی کی کارکنان کو پر امن رہنے کی تاکید۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹائون آفریدی چوک کے قریب یونین کونسل نمبر 2 کے وارڈ آفس پر نا معلوم دہشت گردوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی ہے۔

وارڈ آفس بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا واقعے کے بعد فوراً بعد عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکریٹری رانا گل آفریدی سیکڑوں کارکنان کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اس موقع پر واقعے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔




مرکزی رہنما رانا گل آفریدی نے کارکنان کو پر امن رہنے کی تاکید کی اور انتظامیہ سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا،عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سیدنے اتحاد ٹائون میں پارٹی دفتر پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن دہاڑے پارٹی دفتر پر حملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے؟



پہلے دہشت گرد چھپ کر ٹارگٹ کلنگ کرتے تھے اب کھلم کھلا پارٹی دفاتر پر حملے کر رہے ہیں کوئی کسی بھی قسم کی غلط فہمی میں نہ رہے ، کشتیاں جلاکر میدان عمل میں آئے ہیں ایسی بزدلانہ حرکتیں ہمیں کسی بھی طور پر خوف زدہ نہیں کرسکتیں ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور ذمے داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
Load Next Story