سربراہ پاک فوج کی چینی ہم منصب سے ملاقات اہم امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں پاک چین دو طرفہ تعلقات اور سی پیک سمیت خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا، ترجمان پاک فوج

آرمی چیف نے چین کے مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کی فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے دفاعی تعلقات کے فروغ اورسی پیک کے طویل المدتی سیکیورٹی سمیت دیگراہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک روزہ دورے پر چین کے شہرارمچی پہنچے جہاں انہوں نے چینی فوج کے سربراہ جنرل فینگ سے ملاقات کی، ملاقات میں عسکری تعلقات، سیکیورٹی تعاون، پاک چین دو طرفہ تعلقات اورسی پیک سمیت خطے کی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے چین کے مسلم اکثریتی صوبے سنکیانگ کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقات کی۔




دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے شہر ارمچی میں پاکستان، چین ، افغانستان اور تاجکستان کی مسلح افواج کا اجلاس ہوا جس میں تینوں ممالک کے چیفس آف جنرل اسٹاف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اجلاس میں چاروں ممالک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں چاروں ممالک نے انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون پر اتفاق کیا۔

اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق چاروں ممالک کی مسلح افواج دہشت گردی کے خلاف کوششیں کررہی ہیں جب کہ چاروں ممالک ایک دوسرے کی خود مختاری اور سلامتی کا احترام کریں گے، اجلاس کے شرکا نے یہ بھی اتفاق کیا کہ دہشت گردی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں ممبرممالک کا دہشت گردی کے مقابلہ کے لیے چار فریقی گروپ کے قیام پر اتفاق بھی کیا گیا، 4 ملکی فورم کی تشکیل کسی ملک یا بین الاقوامی تنظیم کے خلاف نہیں ہے جب کہ 4 ملکی فورم کے تحت فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیہ میں دہشت گردی کے خلاف صلاحیت بڑھانے اور مشترکہ تربیتی مشقوں پر اتفاق کیا گیا جب کہ چاروں ممالک نے انٹیلی جنس شیئرنگ پر بھی متفق ہوئے۔

Load Next Story