سی بی آئی نے جیا خان کی موت کو خودکشی قرار دیدیا

کسی شخص کے کھڑکی کے ذریعے کمرے میں داخل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے، سی بی آئی افسر

 سورج پنچولی کو بچانے کے لیے قتل کو خود کشی کہا جا رہا ہے ،والدہ رابعہ خان ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کی موت کے معاملہ میں نیا موڑ آگیا ہے،بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی نے بمبے ہائی کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیا خان کا قتل نہیں ہوا بلکہ یہ معاملہ خودکشی کا ہے۔


دوسری طرف جیا خان کی والدہ رابعہ خان کا دعوی ہے کہ ان کی بیٹی کا قتل ہوا ہے اور ملزم سورج پنچولی کو بچانے کے لیے سی بی آئی اس کو خودکشی بتا رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ادارے سی بی آئی افسرکی جانب سے جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیاہے کہ کسی شخص کے کھڑکی کے ذریعے کمرے میں داخل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے جیا خان نے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کی تھی۔ جیا کے گلے پر جس نشان کی بات کہی جا رہی ہے، وہ دوپٹے کی وجہ سے بھی لگ سکتے ہیں۔

دوسری طرف جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے دعوی کیا کہ ان کی بیٹی نے خودکشی نہیں کی تھی،اس کی موت کے بعد قتل کے ثبوت مٹانے کے لیے جمع شدہ ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔لیکن ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انل سنگھ نے جسٹس نریش پاٹل اور جسٹس دیپک نائیک کی بینچ کو بتایا کہ سی بی آئی کے پاس ایسی کوئی وجہ نہیں ہے ، جس کی وجہ سے ملزم سورج پنچولی کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہو۔ بھارتی ہائی کورٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جیا کی والدہ رابعہ خان کی جانب سے دی گئی درخواست پر سورج پنچولی پررواں ماہ 23 اگست کو مزید جراح کی جائے گی۔
Load Next Story