پنجاب میں حلقہ بندیاں کرانے کیلیے رضا مند ہیں زعیم قادری

نئی حلقہ بندیوں کے لیے کسی ایک شہر یا علاقے کو منتخب نہیں کیا جا سکتا،شازیہ مری

حلقہ بندیاں سارے پاکستان میں ہونی چاہئیں، رضا ہارون،ٹودی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما زعیم قادری نے کہا ہے کہ ہم پنجاب بھر میں حلقہ بندیاں کرانے کے لیے رضا مند ہیں، اگر ایم کیوایم اپنے مینڈیٹ پر اعتماد کرتی ہے تو پھر کراچی میں حلقہ بندیاں ہونے دیں ان کو تو عوام نے ووٹ دینا ہی دینا ہے۔

پروگرام ٹودی پوائنٹ میں اینکر پرسن شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ مشرف نے لاہور میں نئی حلقہ بندیاں کرکے سارے سسٹم کو تباہ کر دیا تھا لیکن ہم نے اف تک نہیں کی، میں ایم کیوایم کے احتجاج کو درست قراردیتا ہوں لیکن چونکہ کراچی کے عوام متاثرہورہے ہیں اس لیے نئی حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔




اگر مردم شماری نہیں ہوئی تو اس کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ ملک کی بہتری کے لیے کالاباغ ڈیم تعمیر کیا جائے، پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہاکہ تمام اداروں کی ذمہ داریاں آئین میں موجود ہیں کسی بھی ادارے کو کسی بھی سیاسی جماعت کے مفادات کے خلاف یا حق میں کوئی بات نہیں کرنی چاہیے۔

کسی عدالت کا یہ کہنا کہ کسی بھی علاقے میں کسی بھی جماعت کی اجارہ داری نہ ہو درست نہیں، ایم کیوایم کا موقف درست ہے، نئی حلقہ بندیوں کے لیے کسی ایک شہر یا علاقے کو منتخب نہیں کیا جا سکتا، ایم کیو ایم کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں صرف کراچی میں نہیں سارے پاکستان میں ہونی چاہیے اور اس کا آئین میں طریقہ درج ہے ہم صرف آئین پر چلنے کی بات کررہے ہیں۔



عدالت میں لفظ اجارہ داری استعمال کیا گیا ہے جو انتہائی غیر سیاسی، غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے اس سے کراچی کے عوام کا دل دکھا ہے اور ہم نے اپنے تمام تحفظات پر کھل کر بات کی ہے، جب تک تمام صوبوں میں اتفاق رائے نہیں ہوتا کالاباغ ڈیم نہیں بننا چاہیے۔
Load Next Story