کراچی میں 3 بھتیجوں کے قاتل چچاؤں کی اپیلیں مسترد سزائے موت برقرار

رجسٹرار نے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کو سزا پر عمل درآمد کا مراسلہ بھی جاری کردیا

ناموس خان اور مدیر خان نے 2003 میں اپنے بھتیجوں لیاقت ، شوکت اور ادریس کو قتل کردیا تھا فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے 3 بھتیجوں کے قاتل 2 بھائیوں کی درخواست اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔


سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیرہانی مسلم ، جسٹس مشیرعالم اورجسٹس مقبول باقرپرمشتمل تین رکنی بینچ نے تہرے قتل کے مجرموں کی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔ عدالت نے 3 بھتیجوں کے قتل میں ملوث 2 بھائیوں ناموس خان اورمدیرخان کی اپیل مسترد کردی اورماتحت عدالت کی جانب سے سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ رجسٹرار نے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کو سزا پر عمل درآمد کا مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 2003 میں ناموس خان اور مدیر خان نے اپنے بھتیجوں لیاقت ، شوکت اور ادریس کو قتل کردیا تھا۔ ماتحت عدالت نے ملزمان پر جرم ثابت ہونے کے بعد سزائے موت کا حکم سنایا تھا، دونوں مجرموں نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل کی تاہم وہاں بھی فیصلے کو برقرار رکھا گیا، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی تاہم عدالت عظمیٰ نے بھی ان کا موقف مسترد کردیا۔
Load Next Story