نیت صاف ہو تو مل کر سیاسی گند صاف کرسکتے ہیں شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ نیت صاف، عزم پختہ ،قبلہ درست اور محنت کا جذبہ موجود ہو تو پاکستان کے راستے کے تمام کانٹے صاف ہوسکتے ہیں اور وطن عزیز کو گل گلزار بنایا جا سکتا ہے۔
ہم نے جس طرح صوبائی دارالحکومت کو کوڑا کرکٹ سے پاک کیاگیا ہے اسی طرح سیاستدان مل کر سیاسی نظام کے گندکو صاف کرسکتے ہیں اور راستے کے کانٹے چنے جاسکتے ہیں، پھولوں کی نمائش کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے جس سے شہریوں کو خوبصورت ماحول میسر آیاہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار جیلانی پارک (ریس کورس) میں گل دائودی کی نمائش کاافتتاح کرنے کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کاوشوں کی بدولت شہر لاہور سے گند اور کوڑا کرکٹ کا خاتمہ ہواہے اور یہ شہر پہلے سے کہی زیادہ صاف ستھرا اور خوبصورت دکھائی دیتا ہے، اسی جذبے سے کام کرتے ہوئے ملک کو بھی خوب سے خوب تر بنایا جا سکتاہے۔
شہبازشریف نے مختلف اضلاع کے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ (ن) لیگ کی پنجاب حکومت نے عوامی خدمت اور شفافیت کو فروغ دینے کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔عوام آئندہ عام انتخابات میں ان ڈاکوئوں، چوروں اور لٹیروں کو مسترد کردیں گے،باشعور عوام کو سبز باغ دکھا کر قائل کرنے کا دور گزر چکا ہے۔
وزیراعلیٰ سے چین کی کمپنی تھری گارجز انٹرنیشنل کارپوریشن کے سینئر نائب صدر وینگ شائوفینگ نے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی،جس میں پنجاب میں توانائی کے مختلف منصوبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیاگیا، شہباز شریف نے وادی نیلم میں برفانی تودہ گرنے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔