بلیک لسٹ امریکی شہری جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

بلیک لسٹ امریکن کو ویزہ جاری کرنے والی پاکستانی خاتون آفیسر کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے، ایف آئی اے حکام


ویب ڈیسک August 06, 2016
بلیک لسٹ امریکن کو ویزہ جاری کرنے والی پاکستانی خاتون آفیسر کو بھی مقدمے میں نامزد کردیا گیا ہے، ایف آئی اے حکام، اسکرین گریب/ ایکسپریس نیوز

FAISALABAD: بے نظیر انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے گرفتار ہونے والے بلیک لسٹ امریکی شہری میتھیو کو جسمانی ریمانڈ کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد کے بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرتعینات وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اہلکاروں نے بلیک لسٹ قراردیئے گئے امریکی شہری کو حراست میں لے کر ڈیوٹی جج عمران یعقوب کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ملزم کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے امریکی شہری کا نام میتھیو ہے اوراسے مشکوک سرگرمیوں پر 2011 میں ملک بدرکرکے تاحیات بلیک لسٹ قرار دیا گیا تھا۔ میتھیو کو امریکی شہر ہیوسٹن میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے ویزا جاری کیا گیا تھا، ویزا کے حصول کے لیے اس نے غلط دستاویزات جمع کرائی تھیں۔

دوسری جانب وزارت داخلہ کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسلام آباد ائیرپورٹ کی پوری شفٹ معطل کردی ہے اور معاملے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری ایس پی کیپٹن الیاس کی زیر نگرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جس میں آئی ایس آئی کا بھی ایک افسر شامل ہوگا ۔

وزیر داخلہ نے میتھیو کو ہوسٹن سے ویزہ جاری کرنے والے پاکستانی سفارتخانے کے افسران سے بھی جواب طلب کرلیا ہے جبکہ امریکی شہری کو ویزہ جاری کرنے والی پاکستانی سفارت کار سعدیہ الطاف، اور پاکستان داخلے کے ذمہ دار ایف کے سب انسپیکٹر راجہ عاطب اور ان کے بیٹے احتشام الحق کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی شہری میتھیو کو 2011 میں نیوکلیئرتنصیبات کی جاسوسی پر گرفتار کرکے ہمیشہ کے لئے ملک بدر کیا گیا تھا لیکن ایک بار پھربزنش ویزے پر متھیو ترک ائیر لائن ٹی کے 0710 سے اسلام آباد پہنچ گیا جسے ایف آئی اے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں