پاکستان کے محمد آصف عالمی اسنوکرچیمپئین بن گئے

آصف پاکستان کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ورلڈ اسنوکرچیمپئین شپ جیتی۔

محمد آصف نے فائنل میں اپنے حریف کو 8 کے مقابلے میں 10 فریم سے شسکست دی۔ فوٹو: اطہر خان/ فائل

پاکستان کے محمد آصف نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے برطانوی حریف گیری ولسن کو ہرا کر ورلڈ اسنوکر چیمپئین شپ جیت لی۔


بلغاریہ کے شہر صوفیہ میں کھیلے گئے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان کے محمد آصف اور برطانیہ کے گیری ولسن کے درمیان کھیلا گیا۔ کھیل کے آغاز سے ہی محمد آصف کا پلہ بھاری رہا۔11 فریم کے اختتام تک آصف کو اپنے حریف پر 4 کے مقابلے میں 7 فریم سے برتری حاصل تھی، تاہم 12ویں فریم سے گیری ولسن بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل میں واپس آئے اور 16 فریم تک دونوں کا اسکور 8،8 فریم سے برابر ہوگیا۔ تاہم 16ویں اور 17ویں فریم میں محمد آصف نے کامیابی حاصل کرکے ورلڈ اسنوکر چیمئین شپ اپنے نام کرلی۔

واضح رہے کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد آصف نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ دنیا بھر کے ٹاپ پلیئرز کو شکست دیتے ہوئے چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچے تھے۔ محمد آصف پاکستان کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ورلڈ اسنوکر چیمئین شپ اپنے نام کی ۔ اس سے قبل پاکستان کے محمد یوسف یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
Load Next Story