وزیراعظم کے احتساب تک تحریک انصاف سڑکوں پر رہے گی عمران خان

ایف بی آر مگرمچھوں کو ٹیکس میں چھوٹ دیتاہے اور نیب صرف پٹواریوں کو پکڑنے کے لئے ہے،عمران خان

ایف بی آرمگرمچھوں کو ٹیکس میں چھوٹ دیتاہے اور نیب صرف پٹواریوں کو پکڑنے کے لئے ہے بڑی مچھلیاں آزاد گھوم رہی ہیں، عمران خان فوٹو:فائل

KARACHI:
چئیرمین تحریک انصاف چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف میچ شروع ہونے والا ہے وزیر اعظم کے احتساب تک عوام کے ساتھ اور سڑکوں پر ہی رہوں گا۔

پشاور میں احتساب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملکی ادارے تباہ کردئے ہیں، کرپشن غریب کو غریب تر اورامیرکو امیر ترین بناتی ہے، ہماری تحریک ملک کو کرپشن سے بچانے کے لئے شروع کی گئی ہے اور یہ ابھی ٹریلر ہے میچ تو ابھی شروع ہوگا۔ حکمران ٹولہ ملکی پیسہ بیرون ملک منتقل کررہا ہے یہ تمام پیسہ قوم کا ہے تو قوم کو ہی اس کی حفاظت کرنا ہوگی، وزیراعظم نواز شریف کے احتساب تک عوام کے ساتھ رہوں گا اور اپوزیشن کے ٹی او آر ماننے تک سڑکوں پر ہی رہیں گے، امید ہے کہ ہماری تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان احتساب تحریک سے پہلے اپنی بدعنوانی کا جواب دیں، پرویز رشید

عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر مگرمچھوں کو ٹیکس میں چھوٹ دیتاہے اور نیب صرف پٹواریوں کو پکڑنے کے لئے ہے جبکہ بڑی مچھلیاں آزاد گھوم رہی ہیں ، نیب کا فرض ہے کہ وہ نواز شریف سے پوچھے کہ اربوں روپے کی جائیدایں اور محل کہاں سے آئے لیکن نیب نواز شریف اور اسحاق ڈار کو بچارہا ہے۔ نواز شریف خود کو قانون سے بالا سمجھتے ہیں ،ارکان پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پر وزیر اعظم سے حساب لیں۔

Load Next Story