بیلجیئم میں خواتین پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ 2 اہلکار زخمی

پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔

پولیس اہلکار کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی ہلاک ہو گیا۔ فوٹو: فائل

بیلجیئم میں مسلح شخص نے تیز دھار آلے کی مدد سے حملہ کر کے 2 خواتین پولیس اہلکاروں کو زخمی کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک شخص نے بیلجیئم کے جنوبی شہر شار لیروئی میں پولیس اسٹیشن کے باہر تیز دھار آلے کی مدد سے خواتین پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئیں۔ قریب ہی موجود پولیس اہلکار نے حملہ آور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: برسلزمیں یکے بعددیگرے 7 دھماکوں میں 35 افراد ہلاک

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے سے پہلے زور دار نعرہ بھی لگایا تاہم حملہ آور کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والی ایک اہلکار کے چہرے پر گہرا زخم آیا ہے جب کہ دوسری خاتون اہلکار معمولی زخمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ بیلجیئم میں رواں برس مارچ میں برسلز کے ہوائی اڈے اور میٹرو اسٹیشن پر خودکش حملوں میں 35 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story