چیف جسٹس مہنگائی کا ازخودنوٹس لیں منور حسن

سستے بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جا رہاہے،منصورہ میں وفود سے گفتگو


ایکسپریس July 23, 2012
سستے بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جا رہاہے،منصورہ میں وفود سے گفتگو۔ فوٹو ایکسپریس

امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری روکنے میں ناکام ہو چکی ہیں ۔ مہنگائی کے جن نے عوام کو اپنے خونی پنجوں میں دبوچ لیاہے اب چیف جسٹس سے ہی امید کی جاسکتی ہے کہ وہ عام آدمی کو تحفظ دینے کے لیے از خود نوٹس لیں اور حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کا حکم دیں ۔

منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی نے عوام کے لیے ماہ رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنا مشکل بنا دیا ہے۔ حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے ۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور سستے بازاروں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جارہاہے۔ حکمران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 روپے کمی کر کے کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا دیتے ہیں، سستے بازاروں کے نام پر عوام سے بدترین مذاق کیا جا رہاہے ۔

بہت سی جگہوں پر تو ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی طرف سے ٹینٹ لگا دیے گئے ہیں مگر دکاندار موجود نہیں ہیں۔آئی این پی کے مطابق اوکاڑہ کے صحافیوں سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پرو پاکستان خارجہ پالیسی کے نام پر امریکی مفادات کا تحفظ کیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کو اگر جمہوریت کی بڑی فکر ہے تو سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرکے سوئس حکام کو خط لکھ دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں