بچوں کیلیے بھی اینیمیٹڈ فلمیں اور ٹی وی پروگرام بنائے جائیں ثروت گیلانی

بھارت اور یورپی ممالک میں بچوں کے لیے باقاعدہ طور پر علیحدہ چینلز ہیں،ثروت گیلانی


Javed Yousuf August 08, 2016
پاکستانی فلم بینوں نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس کو برقرا ر رکھنا ہوگا، اداکارہ۔ فوٹو: فیس بک پیج

پاکستانی فلم میکرز کی کاوشیں قابل تعریف ہیں جنہوں نے معیاری فلمیں بنا کر ناراض فلم بینوں کو سینماؤں میں واپس لے آئے،بڑوں کے ساتھ نارمل اور اسپیشل بچوں کے لیے بھی اینیمیٹیڈ فلمیں اور ٹی وی پروگرامز بنائے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار اداکارہ وماڈل ثروت گیلانی نے انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سٹیلائٹس چینلز آئے تو امید کی جارہی تھی کہ بچوں کے لیے بھی مزید اچھے اورمعیاری پروگرامز ترتیب دیے جائیں گے جس سے انھیں تفریح کے ساتھ صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ بالی ووڈ اور ہالی وڈ بچوں کے لیے خصوصی طور پر کارٹون اور ٹی وی پروگرام بنائے جارہے ہیں ،جس کے ذریعے ان کی تعلیم وتربیت کے ساتھ اپنے کلچر سے بھی روشناس کروارہے ہیں۔

بھارت اور یورپی ممالک میں بچوں کے لیے باقاعدہ طور پر علیحدہ چینلز ہیں۔ بچے مستقبل کے معمار ہیں جن کی بہتر تعلیم وتربیت دینے سے ہی وہ ملک وقوم کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں گے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ جنہوں نے بچوں کے لیے پاکستانی اینمیٹڈ فلم ''تین بہادر'' بنائی جس کے سیکوئل ''دی ریوینج آف بابا بالم'' کا ٹریلر بھی چند روز قبل لانچ کیا گیا اس میں سعدی کی والدہ کے لیے ڈبنگ کروائی ہے۔

میرے علاوہ فہد مصطفی، بیروز سبزواری، احمد علی بٹ،اریشا رضی سمیت دیگر نامور فنکاروں نے مختلف کرداروں کی ڈبنگ کی ہے۔اس پروجیکٹ کا حصہ بننے پر بے حد خوش ہوں،یہ فلم اسی برس دسمبر میں ریلیز ہوگی۔ انھوں نے مزید کہاکہ حالات کبھی ایک جیسے نہیں رہتے بلکہ ہمت اور حوصلہ کے ساتھ مقابلہ کرکے ہم اسے بدل سکتے ہیں۔ پاکستانی فلم بینوں نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس کو برقرا ر رکھنا ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں