تھر ڈیزرٹ موٹر ریس میر نادر مگسی نے میدان مارلیا

اسد مروت دوسرے نمبر پر رہے،ندیم نعیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی


Nama Nigar December 03, 2012
اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑصوبائی وزیر نادر مگسی کو ریس جیتنے پر ٹرافی دے رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

صحرائے تھر میں منعقدہ دو سو بیس کلو میٹر تھر ڈیزرٹ چیلنج موٹر ریس صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے جیت لی۔

ریس میں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولا اورایم این اے میاں مٹھو کے بیٹے میاں شبیر کی گاڑی بھی شامل تھی، اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے کامیاب ریسرز کو ٹرافیاں دیں۔ تفصیلات کے مطابق تھر ڈیزرٹ چیلنج موٹر ریس مٹھی نوکوٹ بائی پاس سے شروع ہوئی جس کا افتتاح خود میر نادر مگسی نے ریس میں حصہ لے کر کیا۔ ریس کے لیے ایک سو دس کلو میٹر کے ٹریک پر چھ پوائنٹ بنائے گئے تھے اور ہر پوائنٹ کا فاصلہ بیس کلو میٹر رکھا گیا تھا، جہاں پر گاڑی پہنچنے کا ٹائم ریکارڈ کیا جاتا رہا، جب کہ ہر پوائنٹ پر ریسکیوعملے کے ساتھ ایمبولنس، پولیس اور رینجرز موجود رہی۔

صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے اے کیٹیگری کے ایک سو دس کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ 10 سیکنڈ میں طے کیا، جبکہ دوسرا رائونڈ 59 منٹ 47 سیکنڈز میں رائونڈ مکمل کر کے کامیاب ریسر قرار پائے۔ جبکہ اسی کیٹیگری میں 2 گھنٹے24 منٹ اور53 سیکنڈ کے ساتھ اسد مروت دوسری پوزیشن پر رہے اور 11 منٹ 27 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ ندیم نعیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بی کیٹیگری میں رونی پٹیل نے مقررہ راستہ 2 گھنٹے 14 منٹ اور 37 سیکنڈ میں طے کر کے پہلی، جام کمال نے 2 گھنٹے 15 منٹ اور 27 سیکنڈ میں طے کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

علی مگسی 2 گھنٹے 24 منٹ اور 16 سیکنڈ کے ساتھ سی کیٹیگری کے فاتح قرار پائے اور ظفر مگسی 2 منٹ 33 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ دوسرے اور صوبائی وزیر مکیشن چاولہ مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 28 منٹ اور 41 سیکنڈ میں طے کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔ ڈی کیٹیگری میں خان محمد نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 32 منٹ اور 23 سیکنڈ طے کر کے پہلے، یہی فاصلہ غلام محمد نے2 گھنٹے 36 منٹ اور 26 سیکنڈ میں طے کر کے دوسرے جبکہ تین منٹ 32 سیکنڈ کے فرق کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں