امریکا کے تیراک مائیکل فلپس اولمپکس کی تاریخ کے کامیاب ترین ایتھلیٹ بن گئے

مائیکل فلپس اولپکس مقابلوں میں اب تک 19 طلائی جب کہ چاندی اور کانسی کے 2،2 تمغے اپنے نام کرچکے ہیں


ویب ڈیسک August 08, 2016
امریکی تیراک مائیکل فیلییپس 2 چاندی 2 کانسی اور 19 سونے کے تمغوں کے ساتھ دنیا میں پہلے نمبر پر ہیں: فوٹو : فائل

MANDI BAHAUDDIN: امریکی تیراک مائیکل فلپس اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ طلائی تمغے اپنے نام کرنے والے اتھلیٹ بن گئے ہیں۔

برازیل کے شہر ریو جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں امریکی تیراک مائیکل فلپس نے فری اسٹائل ریلے میں طلائی تمغہ حاصل کرکے اپنا نام دنیا میں سب سے زیادہ طلائی تمغے حاصل کرنے والوں میں درج کرالیا ہے۔ 31 سالہ فلپس پانچویں باراولمپکس مقابلوں کا حصہ بنے ہیں اور وہ چاندی اور کانسی کے 2 ،2 تمغوں سمیت مجموعی طور پر 23 میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔

مائیکل فلپس نے فری اسٹائل ریلے کے مقابلے میں مقررہ فاصلہ 3 منٹ 9.92 سیکنڈز میں حاصل کرکے اپنا 19 واں طلائی تمغہ حاصل کیا جو اب تک کسی بھی ایتھلیٹ کا سب سے زیادہ گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کا ریکارڈ ہے۔

اسی مقابلے میں ان کے مد مقابل فرانس کے تیراک نے 3 منٹ 10.53 سیکنڈز میں طے کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی اور تیسرے نمبرپرآنے والے آسٹریلیا کے تیراک نے مقررہ فاصلہ 3 منٹ 11.37 سیکنڈر میں طے کیا۔ مائیکل فلپس کے طلائی تمغے سمیت امریکا نے 12 تمغے حاصل کرلئے ہیں اور اب ریو اولمپکس کی تمغوں کی دوڑ میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

کوسوو کو پہلا طلائی تمغہ دلانے کا سہرا 25 سالہ میجلنڈا کیلمنڈی کے سر گیا،جوڈو کے 52 کلوگرام مقابلوں میں کیلمنڈی نے اٹلی کی کھلاڑی کو مات دے طلائی کا تمغہ حاصل کیا اس سے پہلے میجلنڈا کیلمنڈی البانیا کی جانب سے لندن اولمپکس میں بھی شرکت کرچکی ہیں۔

برطانیہ کی 21 سالہ ایڈم پیٹی نے 100 میٹر برسٹ سٹروک میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ کر اپنے ملک کےلئے ریو مقابلوں میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔

چین کے لونگ قنگ کوان نے 56 کلو گرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں مجموعی طور پر 307 کلوگرام وزن اٹھا کر طلائی تمغے سمیت ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ چین ریو اولمپکس میں اب تک دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی جمناسٹ دیپا کرماکر بھی ریواولمپکس کے جمناسکٹس کے فائنل میں جگہ بنانےمیں کامیاب ہوگئی ہیں۔ جمناسٹ کرماکر بھارت کی جانب سے 1964 کے بعد پہلی خاتون ہیں جو فائنل تک رسائی حاصل کرچکی ہیں۔

ٹینس مقابلوں میں دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلے سے پہلے ہی دور میں ہار کر باہر ہو گئے ہیں۔ سنگلز کے دفا‏عی چیمپیئن اینڈی مرے نے سربیا کے کھلاڑی وکٹر ٹروئکی کو ہرا کر اپنا پہلا راؤنڈ جیت لیا ہے۔

برطانیہ کے اینڈی اور جیمی مرے کی جوڑی مردوں کے ڈبلز مقابلے سے باہر ہو گئی ہے۔ سرینا اور وینس ولیمز کی جوڑی بھی اپنا پہلا میچ ہار کر خواتین کے ڈبلز سے باہر ہو گئی ہے۔

دوسرے دن کے اختتام پر امریکا 12 تمغوں کے ساتھ پہلے چین 8 تمغوں کے ساتھ دوسرے جب کہ سٹریلیا 6 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں