وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کی صفائی کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

جو کام نہیں کرے گا اُسے تبدیل کردیا جائےگا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ


ویب ڈیسک August 08, 2016
جو کام نہیں کرے گا اُسے تبدیل کردیا جائےگا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فوٹو؛ فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر قائد کی صفائی کے لیے 48 گھنٹے کاالٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ جو کام نہیں کرے گا اُسے تبدیل کردیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں کراچی کی صفائی کے لیے ڈی ایم سیز کے افسروں کو طلب کرکے خوب کھچائی بھی کی اور انہیں شہر کی صفائی کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ جو کام نہیں کرے گا اُسے تبدیل کردیا جائے گا۔

دوران اجلاس ڈپٹی کمشنرضلع جنوبی نے انکشاف کیا کہ 2 ہزار 400 خاکروبوں کی جگہ صرف ایک ہزار 39 کام کررہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں 250 کوڑادان مل جائیں گے جس سے حالات میں بہتری آئے گی جس پر مراد علی شاہ نے ضلع سیینٹرل اور راشد منہاس روڈ پرصفائی کے کام کی خود نگرانی کا اعلان کیا۔ ڈی سی کورنگی نے دعویٰ کیا کہ اُن کا ضلع سب سے زیادہ صاف ہے لیکن وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں رہائشی علاقوں میں قائم مویشی منڈیاں باہرمنتقل کرنے اور ملیر ندی، قیوم آباد میں فوری کچرا اٹھانے کا حکم دیا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پروقت کی پابندی یقینی بنانے کے لیے صبح 9 بجے سندھ سیکریٹریٹ کے گیٹ بند کردیئے گئے جس کے باعث دیرسے دفتر آنے والے سرکاری ملازمین مشکل میں پڑ گئے، ملازمین اندرآنے کے لیے منتیں کرتے رہے اور پھراحتجاج پراتر آئے جس پرانہیں اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ نےکاشانہ اطفال اور دارالسکون کا بھی دورہ کیا اور خصوصی بچوں سے ملاقات کی جب کہ بچوں نے 14 اگست کے حوالےسے قومی ترانہ اورٹیبلوزپیش کیے ۔ وزیراعلیٰ نے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔