تیل قیمتوں میں کمی اوپیک نے غیررسمی اجلاس بلالیا

بین الاقوامی توانائی فورم کے موقع پر26 سے 28 ستمبر تک الجزائر میں منعقد ہوگا


AFP August 09, 2016
بین الاقوامی توانائی فورم کے موقع پر26 سے 28 ستمبر تک الجزائر میں منعقد ہوگا: فوٹو: فائل

پٹرولیم برآمدی ممالک کی تنظیم اوپیک نے خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث آئندہ ماہ رکن ممالک کا غیررسمی اجلاس طلب کرلیا تاکہ آئل مارکیٹ کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات پر سوچ بچار کی جاسکے۔

گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اجلاس الجزائر میں بین الاقوامی توانائی فورم کے موقع پر 26 سے 28 ستمبر تک منعقد ہو گا، اوپیک کی مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر ہے، مارکیٹ میں استحکام کی بحالی میں مدد کے طریقوں اور وسائل پر رکن ممالک سے مسلسل بات چیت ہو رہی ہے۔

اوپیک کے صدر محمد بن صالح الصدا نے تنظیم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ تیل کی طلب رواں سال کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں بڑھے گی، قیمتوں میں حالیہ کمی اور اتارچڑھاؤ عارضی اور کمزور ریفائنری مارجنز، وافر انوینٹری اور برطانیہ کے یورپی یونین چھوڑنے کے فیصلے کے اثرات کی وجہ سے ہے، تیل کے صارف ممالک میں اقتصادی بحالی سے رواں سال کے باقی دنوں میں تیل کی طلب بڑھے گی اور سپلائی محدود ہو جائے گی، جس سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے اور موجودہ کنوؤں کی آؤٹ پٹ میں کمی کے باعث تیل کی پیداوار میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں