ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک کریں گے وزیراعظم

حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی، نواز شریف


ویب ڈیسک August 09, 2016
اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا: فوٹو: فائل

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پرامن،مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں گے اور ہم ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی و انتہاپسندی سے پاک کریں گے۔



ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اوراعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جب کہ وزیر داخلہ چودہری نثاراورمشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ نے بریفنگ بھی دی اوروزیراعظم کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پرکل تفصیلی اجلاس پھرسے طلب کرلیا گیا ہے جسے اہم قراردیا جارہا ہے۔



اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ہم ایک نظریے کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں جو ہمارا طرززندگی بدلنا چاہتے ہیں، قوم متحد ہے اوردہشت گردوں کے مکمل صفائے کے لئے حکومت کے ساتھ ہے۔ ہم نے ملک کو درست راستے پر گامزن کر دیا ہے، اب پرامن،مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں گے اور ہم ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی و انتہاپسندی سے پاک کریں گے۔



وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ فاٹا میں کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گرد مایوس ہو کر اہداف تبدیل کر رہے ہیں، دہشت گرد سمجھتے ہیں وہ قوم میں عدم برداشت اور اختلاف کے بیج بوسکتے ہیں، بہترنتائج کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے سے تعاون بڑھائیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں بھی رابطہ کاری بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔



اس سے قبل وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں قومی اہمیت کے امور اور سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ریاست اور معاشرے پر اپنے بھٹکے ہوئے نظریات مسلط کرنا چاہتے ہیں اور جمہوریت کے ستونوں پرحملہ کررہے ہیں کوئٹہ حملہ دہشت گردوں کی اداروں کے خلاف نفرت کا اظہارہے ۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ، متحرک معیشت اور ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے، دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ان کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں