لاتعداد یہودی سازشیں

نوجوان نے کہا کہ ’پرزما‘ بھی یہودی سازش ہے۔ بات ٹھیک لگی اورکیوں نہ لگتی کہ میں ایک مسلمان ہوں، وہ بھی سچا پکا مسلمان!

ہم اپنے تمام مسائل کی ذمہ داری خود قبول نہیں کرتے، اور انہیں حل کرنے کے بجائے ’’یہودی سازش‘‘ قرار دے کر بری الذمہ ہوجاتے ہیں۔ کہیں یہ بھی کوئی یہودی سازش تو نہیں؟

کل محلے میں ایک نوجوان سے ملاقات ہوئی جو بہ آوازِ بلند ''پرزما'' کے مثلث ہونے کو ''یہودی سازش'' قرار دے رہا تھا۔ اس بات نے میرے دل پر گہرا اثر کیا کیونکہ میں ایک مسلمان ہوں، وہ بھی پکا سچا مسلمان اور مجھے پورے دل سے یقین ہے کہ آج مسلمان اور عالمِ اسلام، دونوں ہی اپنی اپنی حیثیت میں جس تنزلی، ذلت اور رسوائی کا شکار ہیں، وہ سب کچھ یہودی سازش ہی کا نتیجہ ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ یہودی ہمارے سب سے بڑے دشمن ہیں اور ان کا وطیرہ ہی ہم مسلمانوں کے خلاف سازش کرنا اور سازش کرتے رہنا ہے۔

اگر یہ کہوں تو غلط نہ ہوگا کہ آج دنیا میں جگہ جگہ ہم مسلمانوں کیلئے یہودی سازشوں کے جال بچھے ہوئے ہیں۔ پرزما تو جمعہ جمعہ آٹھ دن کی بات ہے ورنہ مسلمانوں کے خلاف یہودی سازشوں کا تسلسل چودہ سو سال سے جاری ہے۔ یقین نہ آئے تو مثال در مثال ملاحظہ کیجئے،

  • آج دنیا میں مسلمانوں کی آبادی سوا ارب سے زیادہ ہے لیکن اِن کی جانوں کی وقعت، غیر مسلموں کے پالتو جانوروں جتنی بھی نہیں، سچ پوچھیں تو یہ ایک یہودی سازش ہی ہے۔

  • مسلمانوں کے قتلِ عام پر اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف جیسے ادارے، قاتلوں کے خلاف ثبوت در ثبوت پر بھی مان کر نہیں دیتے لیکن کسی مسلم ملک کے خلاف ایک افواہ بھی انہیں لشکر کشی کیلئے تیار کردیتی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • مغربی میڈیا اپنی برائیوں پر پردہ ڈالتا ہے لیکن جہاں کہیں اسے مسلمانوں میں کوئی چھوٹی سی بھی خرابی دکھائی دیتی ہے، وہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرنے میں ذرا بھی گریز نہیں کرتا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • آزادئ اظہار اور آزادئ صحافت جیسے پرکشش نعروں کی آڑ میں ہمارا اپنا میڈیا بھی غیروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ہر سال دنیا بھر میں اربوں ڈالر صرف اِس لیے خرچ کیے جارہے ہیں کہ لوگوں میں اسلام کا خوف پیدا کیا جائے اور انہیں اسلام سے دور رکھا جائے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • الیکٹرونک میڈیا میں جگہ بنانے کیلئے اسلام سے اکتاہٹ اور بیزاری کو ایک اہم ''خوبی'' سمجھا جانے لگا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اسی الیکٹرونک میڈیا کے طفیل، اظہارِ جہالت کو اجتہاد کا نام مل چکا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • مذہبی پروگرام کے پروڈیوسر کو بھی علماء کے بجائے ''مذہبی اداکار'' زیادہ پسند آتے ہیں تاکہ وہ اپنے پروگرام کی ''رونق'' بڑھاسکے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ایک عام پاکستانی مسلمان بھی آج مستند علماء کے فتووں کو نظرانداز کرتے ہوئے مذہبی پروگراموں کے ''مشہور میزبانوں'' کی رائے کو زیادہ قابلِ قبول سمجھنے لگا ہے؛ یہ تو بہت ہی گھناؤنی یہودی سازش ہے۔

  • مذہب پسندی کا دعویٰ رکھنے والے طبقے نے جدید علوم سے لاتعلقی اور مذمت ہی کو ''دفاعِ اسلام'' کا ہم معنی سمجھ لیا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • لیکن دوسری طرف جب اسی طبقے کو قرآنِ پاک کی کوئی آیت، جدید سائنسی تحقیق کو ''ثابت'' کرتی ہوئی نظر آتی ہے تو وہ سوچے سمجھے بغیر اس تحقیق پر ''اسلامی'' کا لیبل لگادیتے ہیں؛ یہ فکروں کو بانجھ کردینے والی یہودی سازش ہے۔

  • اور تو اور، جب جدید سائنسی ایجادات سے بطور صارف استفادے کا وقت آتا ہے تو مذہبی طبقہ انہیں استعمال کرنے میں دوسرے مسلمانوں سے کہیں زیادہ حرص میں مبتلا رہتا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پیسہ کمانا ہی سب کچھ بن چکا ہے اور صحیح غلط، حرام حلال کی تمیز بالکل ختم ہوچکی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اسلام کو ہم نے محض نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ تک ہی محدود کرلیا ہے اور روز مرہ معاملات و معاملت میں اس دین سے رہنمائی لیتے ہوئے ہمیں شرم آتی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔


لیکن یہ تو صرف ایک پہلو تھا ورنہ ہماری سیاست، سیادت اور قیادت بھی یہودی سازشوں کے اثرات سے آزاد نہیں۔

  • مثلاً پاکستان میں کوئی بھی سربراہِ مملکت، امریکہ اور برطانیہ کی مشترکہ مرضی کے بغیر بن ہی نہیں سکتا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پاکستان کی فیصلہ کن سیاسی قیادت کا مفاد ہمیشہ اُن ہی ممالک اور گروہوں کے ساتھ رہا ہے جنہیں پاکستان کو صرف اور صرف ''استعمال کرنے'' سے غرض ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پاکستانی جمہوریت، اس کائنات کا بدترین نظامِ حکومت ثابت ہوچکی ہے لیکن پھر بھی ہم نے اسے آسمانی صحیفے کی طرح سینے سے چمٹا رکھا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • مذہب کی بات چھوڑیئے، اب تو سیکولر نقطۂ نگاہ سے بھی جمہوریت کی خرابیاں کھل کر سامنے آچکی ہیں لیکن اہلِ سیاست اور اہلِ دانش، دونوں میں سے کوئی بھی انہیں دور کرنے کی سنجیدہ کوشش کرنے کیلئے تیار نہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پاکستان ہم نے اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا لیکن آج یہاں لسانیت، صوبائیت، علاقائیت، فرقہ پرستی اور نسل پرستی جیسے رجحانات سب پر فوقیت حاصل کرچکے ہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ''پاکستانی قوم'' کا وجود کمزور سے کمزور تر، اور تعصبات اور نفرتوں سے آلودہ شناختیں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اپنے بچوں کو آکسفورڈ اور کیمبرج وغیرہ میں پڑھوانے والے سیاسی رہنما اپنے حلقہ انتخاب میں بنیادی سطح کی معیاری تعلیم تک دینے کے خلاف ہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • کہنے کو تو ایوانوں میں عوامی نمائندے موجود ہیں مگر انہیں عوام کے حقیقی مسائل کی کوئی خبر ہے اور نہ انہیں حل کرنے سے کوئی دلچسپی؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔


اور بتاؤں؟

  • پاکستان میں زلزلہ آیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اس کے بعد سیلاب در سیلاب آئے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • مہنگائی بھرا بجٹ آیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ڈرون حملے شروع ہوئے اور بڑھتے ہی چلے گئے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پاکستان پر گویا دہشت گردوں کی یلغار ہوگئی جو قابو سے باہر ہوئی جارہی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔


  • امیر کی امارت اور غریب کی غربت بڑھتی ہی جارہی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ملک میں تھری جی اور فور جی کا مقصد صرف تفریح بنا ہوا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اشتہاروں کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کو بے مقصدیت اور آوارگی کی دلدل میں دھکیلا جارہا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ریاست نے بڑی خاموشی سے صحت اور تعلیم جیسی کلیدی ذمہ داریاں غیر سرکاری شعبے کے رحم و کرم پر چھوڑ دی ہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ہمارا نظامِ تعلیم بد سے بدتر ہونے کے بعد اب تیزی سے بدترین کی منزل چھونے کے قریب ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ملک کی تعلیمی پالیسیاں بنانے والے نام نہاد ''اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین'' جن میں سے ہر ایک کم از کم ایک ایک ہزار مرتبہ پھانسی پانے کا مستحق ہے، لیکن وہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے ضامن بنے بیٹھے ہیں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ہمارے لئے علم کی حیثیت اب محض ''روزی روزگار'' کے ایک وسیلے کی رہ گئی ہے اور اس کا اصل مقصد (یعنی فکر کو تازگی عطا کرنا) ہماری سمجھ میں نہیں آتا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ہمارا معاشرہ عملاً انسانوں کا جنگل بن چکا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • خود غرضی ہمارے رگ و پے میں اتنی زیادہ سرایت کرچکی ہے کہ ہم نے دوسرے انسانوں اور انسانیت کے بارے میں سوچنا ہی چھوڑ دیا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ہمارا پیٹ بھرا ہے، ہمارا پڑوسی بھوکا ہے لیکن ہمیں نہ اس کی کوئی خبر ہے نہ پروا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • مجھے اپنا گھر صاف رکھنا ہے، چاہے اس کیلئے میں اپنے گھر کی ساری غلاظت باہر سڑک ہی پر کیوں نہ بکھیر دوں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • میں سب پر تنقید کروں لیکن کوئی مجھے کچھ نہ کہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • میں ڈنکے کی چوٹ پر بجلی چوری کرتا ہوں اور اپنے اس عمل کو غلط بھی نہیں سمجھتا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • اگر مجھے کوئی پریشانی ہو، میرا کوئی مسئلہ حل نہ ہو تو مجھے یہ ملک فوراً ہی دنیا کی بدترین جگہ معلوم ہونے لگتا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔


اور

  • میرے محلے کا گٹر پچھلے کئی دن سے بند پڑا ہے اور سڑک پر بدبودار، غلیظ پانی پھیلا ہوا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • صفائی کرنے والا صرف تنخواہ لے رہا ہے لیکن اپنا فرض نہیں نباہ رہا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • پرچون کی دکان والا مہنگا سامان بیچ رہا ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • گلی میں دو بچوں سے شروع ہونے والی لڑائی دیکھتے ہی دیکھتے ایک چھوٹی سی خانہ جنگی میں بدل گئی؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • کل سے میرے گھر کی ٹیوب لائٹ خراب پڑی ہے لیکن میں قریبی دکان سے نئی ٹیوب لائٹ لاکر لگانے میں تاخیر کئے جارہا ہوں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • ممتحن نے میرے بچے کو امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑ لیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • صفائی نہ ہونے کی وجہ سے میرے گھر کی دیواروں پر مٹی جم گئی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • میں جب کھانے پر آتا ہوں تو کھاتا ہی چلا جاتا ہوں، اور اپنا پیٹ خود ہی خراب کرلیتا ہوں؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • کل رات میں دفتر کے لئے اپنے کپڑے استری کرنا بھول گیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • چلتے چلتے میرا جوتا پھٹ گیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • باس نے کام میں دلچسپی نہ لینے پر مجھے وارننگ دی ہے؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔

  • میں اپنا بٹوہ کہیں رکھ کر بھول گیا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔ نلکے میں پانی نہیں آرہا؛ یہ بھی یہودی سازش ہے۔


ہم اپنے تمام اجتماعی اور انفرادی مسائل کی ذمہ داری خود قبول نہیں کرتے، اور نہ انہیں اپنے طور پر حل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش ہی کرتے ہیں۔ البتہ، جان چھڑانے کیلئے انہیں بڑی فراخدلی سے ''یہودی سازش'' قرار دے کر خود کو ہر طرح سے بری الذمہ کرلیتے ہیں۔ کہیں یہ بھی کوئی یہودی سازش تو نہیں؟

ہاں! شاید یہی سب سے بڑی یہودی سازش ہے!

[poll id="1190"]

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھblog@express.com.pk پر ای میل کریں۔
Load Next Story