دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں عمران خان

حکومت کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں اور غلطیوں کے خلاف تحریک شروع کی،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 09, 2016
پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ صرف ہمارا نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں سمیت پوری قوم کا ہے، عمران خان. فوٹو: ایکسپریس

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد تمام تر سیاسی اختلافات پش پشت ڈال کر دہشت گردوں کو مل کر شکست دینا چاہئے جب کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے سول اسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا اور گزشتہ روز دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد تمام تر سیاسی اختلافات پش پشت ڈال کر دہشت گردوں کو مل کر شکست دینا چاہئے، انٹیلی جنس ادارے اور ہماری مسلح افواج بھرپور طریقے سے دہشت گردوں کے خلاف نبرد آزما ہے تاہم دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے پولیس کا کرداراہم ہوتا ہے اس لئے پولیس کوغیر سیاسی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جتنی غیرسیاسی ہوگی اس کی کارکردگی اتنی ہی اچھی اور سیکیورٹی صورت حال بہتر ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ خیبرپختون خوا متاثر ہوا لیکن فخر سے کہتا ہوں کہ وہاں پولیس کو غیر جانبدار اورغیر سیاسی بنا دیا گیا ہے جس کی گواہی کورکمانڈر پشاور بھی دیں گے، تحریک انصاف کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہے جب کہ دھماکے کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں، دہشت گردوں کے خلاف ہمارا عزم اور ارادے مضبوط ہیں, نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتوں نے دستخط کئے تھے اس پر پوری طرح عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کے خلاف نہیں بلکہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی ناانصافیوں اور غلطیوں کے خلاف تحریک شروع کی، 2013 کے عام انتخابات میں پورے ملک میں سب سے زیادہ دھاندلی بلوچستان میں ہوئی اسی لئے 4 حلقوں کو کھولنے کی بات کی تھی، الیکشن کمیشن کو انتخابی اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے اگر انتخابات شفاف ہوں گے تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ صرف ہمارا نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں سمیت پوری قوم کا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں