دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ناکام حفیظ کے ساتھی اوپنرز کو مشورے

شان اور سمیع اسلم کو مینجمنٹ کے اعتماد کا بھرم رکھنا ہوگا، محمد حفیظ


Sports Desk August 10, 2016
بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے وقت نہیں مل سکا،ابھی شیڈول طے نہیں کیاگیا ۔ فوٹو : فائل

ناکامیوں سے دوچار محمد حفیظ ساتھی اوپنرز کو مشورے دینے لگے، ان کا کہنا ہے کہ نوجوان شان مسعود اور سمیع اسلم کو مینجمنٹ کے اعتماد کا بھرم رکھنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ابھی تک مسلسل ناکام محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ایشیائی کرکٹرز انگلینڈ میں جدوجہد کرتے ہیں تو دوسری جانب انگلش، آسٹریلوی اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو بھی برصغیر کی کنڈیشنز میں مشکلات پیش آتی ہیں، البتہ بہتر تکنیک اور محنت کی بدولت مختلف پچز پر بھی کارکردگی دکھائی جاسکتی ہے،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف چند اننگز میں اچھا آغاز کرنے کے باوجود بڑے اسکور بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا،البتہ اب بھی پُرامید ہوں کہ اوول ٹیسٹ میں اپنی صلاحیتیں ثابت کردونگا۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ شان مسعود اور سمیع اسلم باصلاحیت کھلاڑی اور انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم جمانے کیلیے کوشاں ہیں،کیریئر کے آغاز میں ہی اچھی کارکردگی دکھانا بڑا مشکل کام ہے۔

مینجمنٹ ان کو مکمل سپورٹ کررہی ہے، اب یہ دونوں اوپنرز پر ہے کہ اس اعتماد کا بھرم رکھیں، ایک سینئر کھلاڑی کے طور پر میں کسی بھی کرکٹر کی معاونت کیلیے تیار ہوں،انھوں نے کہا کہ صرف انفرادی کامیابیاں حاصل کرلینا کافی نہیں، تجربہ کار پلیئرز کو ملک کیلیے ورثہ بھی چھوڑ کر جانا چاہیے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ انجریز کے سبب بولنگ ایکشن کی اصلاح کیلیے وقت نہیں مل سکا،توجہ فٹنس اور بیٹنگ پر تھی، انگلینڈ میں میری درخواست پر بلائے جانے والے کارل کرو کے مشوروں کا فائدہ ہوا ہے،آئی سی سی بائیو مکینک ٹیسٹ کیلیے ابھی کوئی شیڈول طے نہیں کیا گیا،اس لیے کلیئرنس کے حوالے سے کچھ نہیںکہہ سکتا، دوبارہ آل رائونڈر کا درجہ پانے کیلیے بیتاب ہوں، تاہم ایکشن کی مکمل اصلاح ہونے کی تسلی کیے بغیر جلد بازی میں ٹیسٹ بھی نہیں دینا چاہتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں