اہم ممالک سے رقوم کی آمد کم ترسیلات زرجولائی میں 20 فیصد گھٹ گئیں

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے گزشتہ ماہ 1ارب 33کروڑ ڈالر وطن بھیجے

جون کے مقابلے میں ترسیلات36فیصدنیچے،سعودی عرب میں پاکستانی تارکین کوکئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنا وجہ قرار،اسٹیٹ بینک نے تاثر کو غلط قراردے دیا فوٹو: اے ایف پی/فائل

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی کے دوران بھیجی جانے والی ترسیلات کی مالیت میں جون کے مقابلے میں 36 فیصد کمی کا سامنا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی میں 1ارب 32کروڑ 81لاکھ ڈالر وطن بھیجے جو جون 2016 میں بھیجی گئے 2ارب 7کروڑ 29لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 74کروڑ 48لاکھ ڈالر(36فیصد) اور جبکہ جولائی 2015 کے مقابلے میں 20.16 فیصد کم رہیں جب ترسیلات زر 1ارب 66کروڑ 36لاکھ 10 ہزار ڈالر تھیں، گزشتہ ماہ امریکا سے بھیجی جانے والی رقوم میں 33.54فیصد، برطانیہ 38.19 فیصد، سعودی عرب 20.18فیصد جبکہ متحدہ عرب امارات سے بھیجی جانے والی رقوم میں بھی 20فیصد تک کمی ہوئی ہے۔


خلیجی ملکوں سے بھیجی جانے والی رقوم میں 14.28 فیصد کمی کا سامنا ہے، جولائی میں یورپی ملکوں سے ارسال کی جانے والی ترسیلات میں 9.97 فیصد کااضافہ ہوا ہے۔ ترسیلات میں کمی کی عمومی وجہ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین کو درپیش مشکلات اور گزشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی بتائی جاتی ہے تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نے اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جون میں ہی معمول سے زائد ترسیلات وطن بھیج دی تھیں جس کی وجہ سے جولائی میں ترسیلات کی آمد میں کمی کا سامنا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سعودی عرب سے جولائی 2015میں 47کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار ڈالر ملے تھے جبکہ گزشتہ ماہ 37کروڑ 86لاکھ 90 ہزار ڈالر وطن بھیجے گئے، اسی طرح متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر 36کرور 75لاکھ 10 ہزارڈالر سے گھٹ کر 29 کروڑ 37لاکھ 20 ہزار ڈالر، امریکا سے 25کروڑ 53لاکھ 20 ہزارڈالر سے گھٹ کر 16کروڑ 96لاکھ 80ہزار ڈالر، برطانیہ سے 23کروڑ 23لاکھ 30ہزارڈالر سے کم ہو کر 14کروڑ 36 لاکھ 10ہزار ڈالر، خلیج تعاون کونسل کے ملکوں(بشمول بحرین، کویت، قطر اور عمان) سے 19کروڑ 78لاکھ 60ہزارڈالر سے نیچے آکر 16کروڑ 96 لاکھ 10ہزار ڈالر اور یورپی یونین کے ملکوں سے ترسیلات زر گزشتہ سال جولائی میں 3 کروڑ25 لاکھ ڈالر سے رواں سال جولائی میں بڑھ کر 3 کروڑ 57لاکھ 40 ہزار ڈالر ہو گئیں۔

جولائی 2016 کے دوران ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ملکوں سے آنے والی ترسیلات زر مجموعی طور پر 13کرور 71لاکھ 30 ہزارڈالر رہیں جبکہ جولائی 2015 میں ان ملکوں سے 10کروڑ 36لاکھ 70ہزار ڈالر موصول ہوئے تھے۔
Load Next Story