زمبابوے کیخلاف امپائرز کا بھی کیویز سے ’اتحاد‘

3غلط فیصلوں نے میچ بچانے کی کوشش خاک میں ملادی، نیوزی لینڈ کا کلین سوئپ

3غلط فیصلوں نے میچ بچانے کی کوشش خاک میں ملادی،نیوزی لینڈکاکلین سوئپ فوٹو: فائل

زمبابوے کے خلاف امپائرز نے بھی کیویز سے 'اتحاد' کرلیا، تین غلط فیصلوں نے میزبان ٹیم کے میچ بچانے کی کوشش کو خاک میں ملادیا، نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹیسٹ 254 رنز سے جیت کر دو میچز کی سیریز میں کلین سوئپ بھی کرلیا، 387 رنز کا تعاقب کرنے والی زمبابوین ٹیم 132 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔


تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے پانچویں روز کھیل کا آغاز 58 رنز تین وکٹ سے کیا، نائٹ واچ مین ڈونلڈ ٹریپانو اور پہلی اننگز کے سنچری میکرکریگ ایروائن نے ابتدائی سیشن میں کیوی اٹیک کو خوب پریشان کیا، دونوں 90 منٹ کے زیادہ تر حصے پر چھائے رہے مگر پھر آسٹریلوی امپائر پال رائفل کے غلط فیصلوں نے میزبان ٹیم کی مزاحمت پر پانی پھیر دیا، ٹریپانو کو22 کے انفرادی اسکور پر مچل سینٹنر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا جب کہ واضح طور پر گیند لیگ اسٹمپ سے باہر جاتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی، اس سیریز میں چونکہ ڈی آر ایس استعمال نہیں ہورہا اس لیے زمبابوے کے پاس فیصلے کو چیلنج کرنے کا اختیار بھی نہیں تھا۔

ابھی اس صدمے سے میزبان ٹیم سنبھلی بھی نہیں تھی کہ رائفل نے کریگ ایروائن (27)کو گپٹل کی گیند پر وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ قراردے دیا جبکہ گیند نے بیٹ کو چھوا تک نہیں تھا، آواز بیٹ کے پیڈ سے ٹکرانے پر پیدا ہوئی تھی، غلط امپائرنگ فیصلوں کی ہیٹ ٹرک تب مکمل ہوئی جب پرنس ماسوور کو گپٹل کی ہی گیند پر ٹیلر کا کیچ قرار دیا گیا جبکہ گیند پیڈ سے ٹکرا کر اچھلی تھی، اس بار غلط فیصلہ دوسرے امپائر مائیکل گف نے کیا، بعد ازاں کوئی بھی کھلاڑی جم نہیں سکا پوری ٹیم 132 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔
Load Next Story