سابق ٹیسٹ کرکٹرحنیف محمد کو سپرد خاک کردیا گیا

حنیف محمد کو وکٹ پر سب سے زیادہ دیر کھڑے رہنے اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔


ویب ڈیسک August 11, 2016
حنیف محمد کو وکٹ پر سب سے زیادہ دیر کھڑے رہنے اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز اسکرین گریپ

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر اور لٹل ماسٹر حنیف محمد کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سوسائٹی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لٹل ماسٹر حنیف محمد گزشتہ روزکراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے جن کی نمازجنازہ بعد نماز جمعہ پرانی سبزی منڈی پرواقع نعمانی مسجد میں ادا کردی گی۔ حنیف محمد کی نمازجنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی، نمازجنازہ میں جاوید میانداد، سعید غنی، ظہیرعباس، جہانگیرخان سمیت دیگر کھلاڑیوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے بھی شرکت کی۔

جاوید میانداد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حنیف محمد کی خواہش تھی کہ ان کے نام کی اکیڈمی بنے اس لیے سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ کوئی اکیڈمی حنیف محمد کے نام سے منسوب کرے لیکن افسوس یہ ہے کہ ملک میں کھلاڑی کی قدر اس کے مرنے کے بعد کی جاتی ہے۔

حنیف محمد کے بھائی مشتاق محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حنیف محمد کی موت ہمارے لئے بہت تکلیف دہ لمحہ ہے، حنیف محمدعظیم کھلاڑی اور بڑے انسان تھے جب کہ بھائی کی موت سے کرکٹ کا بہت بڑا باب بند ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حنیف محمد ایک سخی دل انسان تھے جب کہ لوگ انہیں ہمیشه یاد رکھیں گے۔



حنیف محمد کینسر کے مرض میں مبتلا تھے جس کا انہوں نے علاج کرایا جس کے بعد وہ صحت یاب ہوگئے تھے تاہم کئی سال بعد ایک مرتبہ پھر ان کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں چند روز قبل ہی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن گذشتہ روز وہ رضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے۔

حنیف محمد 21 دسمبر 1934 کو بھارتی ریاست جونا گڑھ میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد کراچی منتقل ہوئے۔ حنیف محمد نے اکتوبر 1952 میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اپنے کیرئیر میں 55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی بدولت 3 ہزار 915 رنز بنائے۔ حنیف محمد نے اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ نیوزی لینڈ کے خلاف 1969 میں کھیلا۔



حنیف محمد پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہیں سب سے طویل اننگز اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے، 1957 میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 337 رنز بنائے اور کریز پر970 منٹ تک کھڑا رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا یہی نہیں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 499 رنز کی اننگز کھیل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔



حنیف محمد بیٹنگ کے علاوہ بولنگ اور وکٹ کیپنگ میں بھی نمایاں تھے جب کہ انہیں ریورس سوئپ کا موجد بھی کہا جاتا ہے۔ حنیف محمد کے چھوٹے قد کی وجہ سے انہیں کرکٹ سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اپنی خدا داد صلاحیتوں کی وجہ سے ناقدین کو ناصرف خاموش کرایا بلکہ لٹل ماسٹر کے نام سے بھی مشہور ہوئے۔

لیجنڈری حنیف محمد کے 4 بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد جب کہ بیٹا شعیب محمد اور پوتا شہزار محمد کرکٹ سے وابستہ رہے۔ لیجنڈری حنیف محمد نے پی آئی اے، بہاولپور اور کراچی کی ٹیموں کی جانب سے نمائندگی کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں