کراچی انٹربورڈ میں امتحانی نتائج تبدیل کرنے والا ملازم گرفتار

کم نمبر والے طلبہ کو پیسے لے کر زیادہ نمبردیئے جارہے تھے، چیرمین اینٹی کرپشن


ویب ڈیسک August 11, 2016
کم نمبر والے طلبہ کو پیسے لے کر زیادہ نمبردیئے جارہے تھے، چیرمین اینٹی کرپشن، فوٹو؛ فائل

PESHAWAR: اینٹی کرپشن ٹیم نے انٹرمیڈیٹ بورڈ میں کارروائی کرکے نتائج کے ہیر پھیر کے شبے میں ریکارڈ قبضے میں لے کر ایک ملازم کو بھی گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں انٹرمیڈیٹ بورڈ میں کرپشن کا میگا اسکینڈل پکڑا گیا، 3 روزسے کھوج میں لگی اینٹی کرپشن ٹیم نے ہیرا پھیری کے مکمل شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کے خلاف گھیراتنگ کردیا۔ والدین کی شکایت پر اینٹی کرپشن نے انٹرمیڈیٹ بورڈ میں 9 گھنٹے طویل کارروائی کے بعد آئی ٹی شعبہ سے کمپیوٹر اور دیگرشواہد قبضے میں لے لیے اور ایک ڈیلی ویجز ملازم عادل کو بھی گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ٹیم کے پاس بورڈ کے ڈپٹی کنٹرولردبیر احمد کے خلاف بھی شکایت تھی مگر کسی بڑی مچھلی پر ہاتھ ڈالنے کے بجائے چھوٹے ملازم کو حراست میں لیا گیا ہے۔

چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادرتھیبو نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ کم نمبر والے طلبہ کو پیسے لے کر زیادہ نمبردیئے جارہے تھے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق 1100 طلبہ میں 700 امیدواروں کے نتائج تبدیل کردیئے گئے تھے جب کہ 102 طلبہ سے فی پرچہ 40 ہزار روپے بھی بٹورے جاچکے ہیں۔

ادھر اینٹی کرپشن کی کارروائی کے بعد بورڈ انتظامیہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بغیر اطلاع کے چھاپےکا شکوہ کرتے ہوئے سارے معاملے سے لاتعلقی کا اظہارکیا اور ساتھ ہی تمام ترصورت حال سے گورنرسندھ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں