لٹل ماسٹردنیا سے رخصت ہوگئےخدا حافظ

حنیف محمد نے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت متعدد اعزازات اور اسناد و میڈلز سمیٹے


Editorial August 12, 2016
حنیف محمد کے انتقال پر ملک کی ممتاز سیاسی شخصیات ، کھلاڑیوں اور منتظمین نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ،کرکٹ لیجنڈ اور دنیائے کرکٹ میں لٹل ماسٹر کے نام سے معروف ممتازکرکٹر حنیف محمد طویل علالت کے بعد جمعرات کو ایک مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ انھوں نے 55 ٹیسٹ کھیلے ۔ ان کی عمر 81 برس تھی، وہ پھیھپڑوں کے کینسرمیں مبتلا تھے، انھیں چند روز قبل انتہائی تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جہاں انھوں نے داعیٔ اجل کو لبیک کہا۔ پاکستان کے اس عظیم کھلاڑی نے 24دسمبر1934 ء میں جوناگڑھ میں آنکھ کھولی، ان کے خانوادہ کو کرکٹ فیملی کا اعلیٰ مقام دیا گیا، مشتاق محمد، صادق محمد، وزیر محمد، رئیس محمد اور بیٹے شعیب محمد وطن عزیز کے پرچم کو سربلند کرتے رہے۔

محمد برادران ان کا ٹریڈ مارک بن گیا۔ رائٹ ہینڈ بیٹسمین حنیف محمد کی وجہ شہرت پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیزکے خلاف معرکتہ الآرا 337 رنزکی وہ ناقابل شکست اننگز تھی جس میں انھوں نے اپنے اسٹیمنا، فولادی عزم، تکنیک اور16 گھنٹے کریز پر جمے رہنے کا غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا اور لٹل ماسٹر کہلائے۔ یہ شاندار اور فائٹنگ اننگز انھوں نے 1957-58 میں برج ٹاؤن میں کھیلی تھی اور فالو آن پر مجبور پاکستان کے لیے میچ ڈرا کرالیا۔1958-59 میں حنیف محمد نے ڈان بریڈ مین سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا اعزاز چھین لیا۔مرحوم فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی 499 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور یہ عرصہ بھی 35 سال پر محیط رہا جب جاکر ویسٹ انڈین اسٹار کھلاڑی برائن لارا نے 1994 میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

ان کا اوسط بارہ سو رنز کے تناسب سے 43.98 رہا ۔ حنیف محمد نے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سمیت متعدد اعزازات اور اسناد و میڈلز سمیٹے، ان کا نام عمران خان اور جاوید میانداد کے ہمراہ آئی سی سی ہال آف فیم کے افتتاحی بیچ میں شامل تھا۔ حنیف محمد کے کرکٹ کوچ اور استاد مرنجاں مرنج طبیعت کے مالک ماسٹرعزیز تھے جنہوں نے حنیف محمد کے خاندان کو قومی کرکٹ کی کہکشاں بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ۔وہ کرکٹ کے حقیقی رمز آشنا تھے، اور کرکٹ کی حرکیات پر ان کی گہری نظر تھی۔

کھیل کے حوالے سے ان کے اکثر تجزیے تبصرے اور پیش گوئیاں حرف بہ حرف سچ ثابت ہوتی رہیں، وہ ملکی کرکٹ افق پر دولت ، شہرت اور گلیمر سے بے نیاز نسل کے عہد آفرین نمایندے تھے ، انھوں نے نئی نسل کے کرکٹرز کو بیش بہا ٹپس دیے ۔ان کا پاکستان کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں اہم کردار رہا۔ ان کی داستان حیات کرکٹرز کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ حنیف محمد کے انتقال پر ملک کی ممتاز سیاسی شخصیات ، کھلاڑیوں اور منتظمین نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

آسمان ان کی لحد پہ شبنم افشانی کرے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں