عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کا نوجوان فاتح

کھیلوں کی اسکول ، کالج سطح کی نرسریز کی مانیٹرنگ کا میکانزم حیران کن نتائج دے سکتا ہے.


Editorial December 03, 2012
محمد آصف کی شاندار کامیابی کی خوبی پورے ٹورنامنٹ میں ان کا ناقابل شکست رہنا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے محمد آصف برطانوی کھلاڑی گیری ولسن کو ہرا کر اسنوکر کے عالمی چیمپئن بن گئے ۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان 18سال بعد اسنوکر کا عالمی چیمپئن بنا ہے۔

محمد آصف کی شاندار کامیابی کی خوبی پورے ٹورنامنٹ میں ان کا ناقابل شکست رہنا ہے ، مجموعی طور پر فائنل میں ان کا یہ ٹورنامنٹ کا دسواں میچ تھا۔ محمد آصف1994 کے عالمی چیمپئن محمد یوسف کے بعد دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جنھیں ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ فائنل جیتنے کے بعد فیصل آباد کے رہائشی محمد آصف نے کہا کہ میری جیت قوم کی دعائوں کا نتیجہ ہے، میں قوم کا شکرگزار ہوں ۔ پاکستان کا اسنوکر کی دنیا میں 18 برس کے بعد فاتح بننا اس امر کی دلیل ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،اور آصف کی جیت نے اس حقیقت کو ثابت بھی کیا ہے کہ اگر اسپورٹس کی ترقی پر مامور ارباب اختیار فٹ بال ،کبڈی،ہاکی،ایتھلیٹکس ،دیسی کشتی،جمناسٹک،والی بال،سائیکلنگ اور باکسنگ وغیرہ میں نئے ٹیلنٹ کی سائنٹیفک طور پر تلاش اور اس کی آبیاری کی جائے تو کھیلوں کی اسکول ، کالج سطح کی نرسریز کی مانیٹرنگ کا میکانزم حیران کن نتائج دے سکتا ہے۔

بلکہ تمام کھیلوں میں ہونہار کھلاڑیوں کی لائن لگ سکتی ہے۔فٹبال کے کھیل میں صرف لیاری پر توجہ دی جائے تو قومی ٹیم کی تشکیل نو میں نیا ٹیلنٹ رزلٹ دے سکتا ہے،برازیل نے عالمی سطح کے لیے چار ہونہار نوجوان فٹ بالر تیار کیے جن میں نیمار جونیئر کو مستقبل کا پیلے کہا جانے لگا ہے۔اسی طرح کبڈی کی ترقی کے امکانات روشن ہورہے ہیں، کھلاڑی نتائج بھی دے رہیں ، ہاکی کے احیاء کی سخت ضرورت ہے،اسے نیا خون چاہیے، دیسی کشی اور سندھ کے قدیم ملاکھڑا کو توجہ اور فنڈز کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے لیے اسکواش میں کئی عالمی اعزاز روشن خان اور اس کے بعد ان کے فرزند جہانگیر خان نے حاصل کیے، پھر جان شیراس اعزاز کے مستحق ٹھہرے۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب نے محمد آصف کو اسنوکر کا عالمی چیمپئن بننے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے محمد آصف کے لیے10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ محمد آصف کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کوئی سہولت نہیں دی تھی، اس پر اسنوکر ایسوسی ایشن نے چندہ جمع کرکے ان کے بلغاریہ جانے کا بندوبست کیا، جہاں کامیابی نے ان کے قدم چومے ہیں اور انھوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں