سونے کی ریکارڈ طلب6 ماہ میں قیمتیں25 فیصد بڑھ گئیں

سیاسی واقتصادی بے یقینی کے باعث رواں سال کی پہلی ششماہی میںطلب 2335ٹن رہی

سرمایہ کاری ڈیمانڈمیں141فیصداضافہ،جیولری14فیصدکم خریدی گئی،ورلڈگولڈکونسل ۔ فوٹو: فائل

ورلڈ گولڈ کونسل ( ڈبلیوجی سی) نے کہا ہے کہ سونے کی طلب میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا،


اپریل سے جون تک سونے کی طلب 1050 ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت سے 15فیصد زیادہ ہے۔ اس طرح رواں سال کی پہلی ششماہی میں سونے کی طلب 2335 ٹن ہو گئی جو دوسری بلند ترین سطح اور 2013 میں قائم ہونے والے 2371.5ٹن کے ریکارڈ کے قریب ہے۔ ڈبلیوجی سی کی جانب سے جاری کردہ گولڈ ڈیمانڈ ٹرینڈ رپورٹ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں سرمایہ کاری طلب 141فیصد کے اضافے سے 448 ٹن رہی جبکہ جیولری طلب 14 فیصد گھٹ کر 444ٹن رہ گئی، ساتھ ہی مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری میں بھی کمی آئی تاہم پہلی ششماہی میں سرمایہ کاری ڈیمانڈ ریکارڈ 1064 ٹن تک پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ جغرافیائی سیاسی واقتصادی بدحالی کے دور میں ہمیشہ سونے کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ سرمایہ کار سونے کو اپنے پیسے کے تحفظ کے لیے اہم خیال کرتے ہیں۔

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق سال 2016 میں مختلف واقعات کے باعث اقتصادی اور سیاسی بے یقینی پیدا ہوئی، امریکی انتخابات، اطالوی بینکاری شعبے کی خستہ حالت، یورپی یونین چھوڑنے سے متعلق برطانوی ریفرنڈم اور ان کے اثرات سونے کے سرمایہ کاروں کی نظر میں مضبوط عوامل ثابت ہوئے، مشرق وسطیٰ میں جاری بدامنی سے اس میں اضافہ کیا اور سونے میں سرمایہ کاری کا کیس مضبوط ہوا، پہلی ششماہی میں سونے کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافہ ہوا تاہم قیمتیں بڑھنے سے صارف خریداری سست روی کا شکار ہوگئی۔
Load Next Story