پاکستان خطےاور عالمی سطح پر ہمارااہم اتحادی ہے نیٹو سیکرٹری جنرل

نیٹو افواج کے 2014 میں افغانستان سے واپسی پر بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا، اینڈرے فوگ راسموسن


ویب ڈیسک December 03, 2012
خطے اور بالخصوص افغانستان میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پاکستان اپنا بھرپورکردار ادا کر رہا ہے، حنا ربانی کھر فوٹو: ریڈیو پاکستان

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اینڈرے فوگ راسموسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن قائم کرنے کے لئے پاکستان ہمارا اہم اتحادی ہے۔


ریڈیو پاکستان کے مطابق برسلز میں پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈرے فوگ راسموسن سے ملاقات کی جس میں افغانستان سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کی گیا۔ اس موقع پر نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیٹو کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹیجک پارٹنرشپ میں ڈھالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو افواج کے 2014 میں افغانستان سے واپسی پر بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات پر اثر نہیں پڑے گا۔


اینڈرے فوگ راسموسن نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیٹو اور پاکستان کو افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں افغان امن کونسل کے پاکستان کے دورے اور افغانستان میں سیاسی مفاہمت جاری رکھنے کے لئے پاکستان کے مثبت رد عمل کی بھی تعریف کی۔


وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے اس موقع پر کہا کہ خطے اور بالخصوص افغانستان میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پاکستان اپنا بھرپورکردار ادا کر رہا ہے۔


حنا ربانی کھر نے نارتھ اٹلانٹک کونسل سے بھی خطاب کیا اور ممبران کو خطے کی صورتحال اور افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے پاکستان کی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی۔ کونسل ممبران نے دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کے لئے پاکستان کی تعریف کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں