بورڈ نے ٹیکنیکل کے ضمنی امتحانات کا مرکز تبدیل کر دیا طلبا لا علم

کالجوں پرمرکزکی تبدیلی کے حوالے سے نوٹس آویزاں کردیے ہیں، راشد عزیز


Staff Reporter December 04, 2012
امتحان شروع ہونے سے صرف ایک روز قبل مرکزکی تبدیلی کے سبب بورڈ انتظامیہ امیدواروں کواس کی اطلاع نہیں دے سکی۔ فوٹو: فائل

سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے آج منگل سے شروع ہونے والے ٹی ایس سی (ٹیکنیکل اسکول سرٹیفکیٹ) کے ضمنی امتحانات کاامتحانی مرکز اچانک تبدیل کردیا ہے امتحانی مرکز امتحان سے صرف ایک روز قبل تبدیل کیاگیاہے۔

جس سے سیکڑوں طلبا لاعلم ہیں امتحانی مرکز کی اچانک تبدیلی سے آج سے شروع ہونے والے ٹی ایس سی کے ضمنی امتحانات میں بڑے پیمانے پرطلبا کے بروقت امتحانی مرکز میں نہ پہنچنے کاامکان ہے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے ٹی ایس سی کے ضمنی امتحانات کے سلسلے میں آج انگریزی کاپرچہ لیاجاناہے جس کے لیے بورڈ کی جانب سے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے پڑوس میں واقع ایک نجی کالج میں امتحانی مرکزقائم کیاگیاتھا جسے اچانک پیرکی دوپہر تبدیل کرتے ہوئے جوہرکالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (نیپاچورنگی) کے قریب منتقل کردیاگیا ہے۔


تاہم امتحان شروع ہونے سے صرف ایک روز قبل مرکزکی تبدیلی کے سبب بورڈ انتظامیہ امیدواروں کواس کی اطلاع نہیں دے سکی ہے، ''ایکسپریس'' نے جب اس سلسلے میں بورڈ کے قائم مقام ناظم امتحانات راشد عزیزسے رابطہ کیاتوان کاکہناتھاکہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے پڑوس میں واقع جس کالج میں امتحانی مرکزقائم کیاگیا تھا۔

وہاں ڈگری کلاسز کے امتحانات کے سلسلے میں امتحانی مرکز قائم ہوگیاہے جس کے سبب کالج انتظامیہ نے بورڈ کاامتحانی مرکز قائم رکھنے سے معذرت کرلی ہے جس کے بعد نیپاچورنگی کے قریب واقع جوہر کالج میں امتحانی مرکز منتقل کیاگیاہے ان کا کہناتھاکہ بورڈ اوردونوں متعلقہ کالجوں پرمرکزکی تبدیلی کے حوالے سے نوٹسزآویزاں کردیے گئے ہیں جبکہ طلبا کودوسرے امتحانی مرکزپہنچانے کے لیے بورڈ کی گاڑی بھی امتحانی مرکز پرموجود رہے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں