قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ بہاولپور حریفوں کیلئے دہشت کی علامت بن گیا

راولپنڈی اور پشاورکے بعد کراچی ڈولفنز کو بھی ہرا دیا، سیالکوٹ اور لاہور لائنز نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔


Sports Reporter December 04, 2012
لاہور: قومی ٹوئنٹی 20 میچ میں کراچی زیبراز کے فیصل اقبال شاٹ کھیلنے کے بعد رن لینے کیلیے تیار۔ فوٹو : اے ایف پی

قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہاولپور اسٹیگز پہلی ہی انٹری میں بڑی ٹیموں کیلیے دہشت کی علامت بن گئے۔

راولپنڈی ریمز اور پشاور پینتھرز کے بعد کراچی ڈولفنز کو بھی ہرا دیا، سیالکوٹ اسٹالینز اور لاہور لائنز نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، ایبٹ آباد فالکنز، لاہور ایگلزاور فیصل آباد وولفز بھی کامیاب رہے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو راولپنڈی ریمز سے مات کھانے والے کراچی ڈولفنز کو بہاولپور اسٹیگز نے بھی 2 وکٹ سے شکست دیدی، ناکام ٹیم نے امین الرحمان (44) اور فواد عالم(43) کی بدولت 6 وکٹ پر 152کا مجموعہ تشکیل دیا،شاہد آفریدی صفر کی خفت کا شکار ہوئے، محمد طلحہٰ نے 3 وکٹیں لیں۔

بہاولپور نے ہدف آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کیا، عمران اللہ اسلم 48 پر رن آئوٹ ہوئے، شاہد آفریدی نے16 رنز دیکر2 وکٹیں حاصل کیں۔سیالکوٹ اسٹالینز نے کراچی زیبراز کو8 وکٹ سے زیر کرلیا، ناکام سائیڈ نے 5 وکٹ پر 111 رنز اسکور کیے، دانیال احسان24 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عدیل ملک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، سیالکوٹ اسٹالینز نے ہدف 2 وکٹ پر پورا کرلیا، کپتان شعیب ملک 50 اور حارث سہیل 34 پر ناقابل شکست رہے۔لاہور لائنز نے ملتان ٹائیگرز کیخلاف 30 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

1

فاتح ٹیم نے4 وکٹ پر 182رنز بنائے، احمد شہزاد نے57 گیندوں پر 68 رنز اسکور کیے، عمر اکمل نے 55 کی برق رفتار اننگز کیلیے محض21 گیندیں صرف کیں، اس میں4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، کامران اکمل31 اور ناصر جمشید 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،ملتان ٹائیگرز کی اننگز 5وکٹ پر 152سے آگے نہ بڑھ پائی، سعید انور جونیئر 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایبٹ آباد فالکنز نے اسلام آباد لیپرڈز کو2 وکٹ سے مات دی، ناکام سائیڈ نے 8 وکٹ پر 116 رنز بنائے، عماد وسیم نے سب سے زیادہ45 رنز اسکور کیے۔

امجد وقاص نے3 اور خالد عثمان نے2وکٹیں لیں،ایبٹ آباد فالکنز نے میر اعظم کے59 رنز کے باوجود مسلسل وکٹیں گنواکر فتح کا راستہ مشکل بنا لیا، مگر کپتان یونس خان نے ناقابل شکست38 رنز کی اننگز کھیل کر ہدف تک پہنچا دیا، حریف قائد عمر گل21 رنز کے عوض4 وکٹیں لینے کے باوجود شکست سے دامن نہ بچا سکے۔

لاہور ایگلز نے پشاور پینتھرز کو76 رنز سے پچھاڑا، فاتح ٹیم نے عمران فرحت کے 68 رنز سے تقویت پاتے ہوئے8 وکٹ پر 162رنز جوڑے، وقار اسلم نے3 وکٹیں حاصل کی، پشاور پینتھرز کی اننگز86رنز پر سمٹ گئی، محمد خلیل اور سعد نسیم نے 2،2 وکٹیں لیں۔ فیصل آباد وولفز نے حیدرآباد ہاکس کو 8 وکٹ سے ہرا دیا۔

ناکام ٹیم کی اننگز صرف97 رنز تک محدود رہی، رضوان احمد41 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، سعید اجمل، خرم شہزاد اور اسد علی نے2،2 وکٹوں کا سودا کیا، فیصل آباد نے ہدف16.1اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کرلیا، فرخ شہزاد57 اور نوید لطیف 34 پر ناقابل شکست رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں