حنیف محمد کا کیریئر نئی نسل کیلیے روشن مثال قرار

سابق شہرہ آفاق کھلاڑی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مصباح الحق


Sports Desk/AFP August 13, 2016
عظیم بیٹسمین کی وفات پاکستان کرکٹ کیلیے بہت بڑا صدمہ ہے، انتخاب عالم. فوٹو: فائل

مصباح الحق نے حنیف محمد کے کیریئر کو نئی نسل کے کرکٹرز کیلیے روشن مثال قرار دیدیا، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ سابق شہرہ آفاق کھلاڑی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.

تفصیلات کے مطابق حنیف محمد کی وفات پر انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی افسردہ ہیں،اوول ٹیسٹ میں پہلے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد سابق کپتان ہی موضوع بحث رہے،اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ حنیف محمد نئی نسل کے کرکٹرز کیلیے روشن مثال تھے،آنے والے کرکٹرز ان کے کیریئر سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، حنیف محمد کے ساتھ کئی انٹرنیشنل میچز میں شرکت کرنے والے انتخاب عالم نے کہا کہ سابق کپتان کی موت پاکستان کرکٹ کیلیے ایک بڑا صدمہ ہے۔

وہ نہ صرف ایک عظیم بیٹسمین بلکہ بہترین انسان بھی تھے،انھوں نے طویل عرصے تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کی جسے جتنا بھی سراہا جائے کم ہوگا، ان کا نام ایک روشن باب کے طور پر نہ صرف ملکی بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کے افق پر بھی جگمگاتا رہے گا۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم کے منیجر نے حنیف محمد کے ساتھ 1959میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔