پروٹیز نے پونٹنگ کے آخری میچ کا مزا کرکرا کر دیا

آسٹریلیا کو پرتھ ٹیسٹ میں 309 رنزسے خاک چٹاتے ہوئے سیریز1-0 سے جیت لی، دسویں نمبر پر کھیلتے ہوئے اسٹارک کی ففٹی


AFP/Sports Desk December 04, 2012
پرتھ: کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آسٹریلوی بیٹسمین رکی پونٹنگ اہلیہ ریانا اور دونوں بیٹیوں کے ہمراہ پوز دے رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے پونٹنگ کے آخری میچ کا مزا کرکرا کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پرتھ ٹیسٹ میں309 رنز سے خاک چٹادی۔

سیریز میں 1-0 کی جیت نے مہمان ٹیم کی نمبر ون ٹیسٹ پوزیشن بھی برقرار رکھی، بغیر کسی نقصان کے 40 رنز سے چوتھے روز کا آغاز کرنے والی میزبان ٹیم 322 پر آئوٹ ہو گئی۔

اسے فتح کیلیے 632 کا ناممکن ہدف ملا تھا،ایڈ کوان اور دسویں نمبر پر کھیلنے والے مچل اسٹارک نے نصف سنچریاں بنائیں، رکی پونٹنگ اپنی آخری اننگز میں 8 رنز تک محدود رہے۔ تفصیلات کے مطابق اوپنر ڈیوڈ وارنر (29 ) چوتھے دن محض2 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے،ورنون فلینڈر کی گیند ان کے بیٹ کوچھوتی ہوئی سلپ میں گریم اسمتھ کے پاس پہنچ گئی۔

6

شین واٹسن (25) نے بھی یہی کیا البتہ کامیاب بولر مورن مورکل تھے، رکی پونٹنگ دو چوکے لگانے کے بعد پیٹرسن و کیلس کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بنے، ایڈ کوان (53) نصف سنچری مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد اسٹین کی گیند پر ایلجر کا کیچ بن گئے، مائیکل کلارک اور مائیک ہسی نے ابتدائی دو ٹیسٹ کی طرح ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی، مگراس بار شراکت 58 رنز سے آگے نہ بڑھ پائی، کلارک (44) کو ڈی ویلیئرز نے پیٹرسن کی گیند پر اسٹمپڈ کیا، ہسی (26)اور میتھیو ویڈ (10) بھی جلد ڈریسنگ روم میں کپتان سے جا ملے۔

وکٹیں بالترتیب اسٹین اور پیٹرسن کے نام درج ہوئیں، چائے کے وقفے کے بعد مچل جانسن (3) اور جان ہیسٹنگز (20) بھی چلتے بنے،مورکل اور فلینڈر نے وکٹوں کا جشن منایا، مچل اسٹارک اور ناتھن لیون نے دیگر پلیئرز کو بیٹنگ کا سبق سکھاتے ہوئے دسویں وکٹ کیلیے اسکور میں 87 رنز کا اضافہ کیا، یہ واکا گرائونڈ میں اس وکٹ کی ریکارڈ شراکت ہے،اسٹارک نے اولین ٹیسٹ ففٹی صرف32 گیندوں پر مکمل کی اور9 چوکے و 2 چھکے لگائے، لیون (31) کا جب اسمتھ نے اسٹین کی گیند پر کیچ وصول کیا تو اس کے ساتھ ہی322 رنز پر کینگروز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اسٹارک نے 68 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، اسٹین اور پیٹرسن نے بالترتیب72 اور127 رنز دے کر 3،3 وکٹیں لیں، فلینڈر اور مورکل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ 225 اور آسٹریلیا 163 رنز تک محدود رہا تھا، دوسری باری میں مہمان ٹیم نے569 رنز بنا کر مقابلے پرگرفت مضبوط کی، ہاشم آملا نے 196 اور ڈی ویلیئرز نے 169 رنز اسکور کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں