پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹرکا عملہ اسلام آباد پہنچ گیا

افغان قبائلی عمائدین نے ہیلی کاپٹر کے عملے کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا

ہیلی کاپٹر کے عملے کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، افغان میڈیا۔ فوٹو؛ فائل

افغانستان میں کریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہونے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغانستان میں کریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہونے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ اسلام آباد پہنچ گیا۔ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ افغان قبائلی عمائدین کے ساتھ راولپنڈی کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا، عملے کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کے گھروں پر روانہ کردیا جائے گا۔ دوسری جانب افغان میڈیا نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ہیلی کاپٹر کے عملے کو پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ بازیاب


ترجمان دفتر خارجہ نے بھی پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر عملے کی اسلام آباد پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کو پاک افغان سرحد پر قبائلی عمائدین کے حوالے کیا گیا، عملے کو فاٹا سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد پہنچنے والے حکومت کے ہیلی کاپٹر عملے میں کرنل (ر) شفیق الرحمان، کرنل (ر) صفدر حسین شامل، کیپٹن (ر) صفدر اشرف، فلائیٹ انجینئر ناصر محمود، کریوچیف محمد کوثر اور روسی نیوی گیٹر سرگئی سیوسیتی نوف شامل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان کا ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کیلیے افغان حکومت رابطہ

واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب حکومت کا ایم آئی سیون ہیلی کاپٹر مرمت کے لئے روس جا رہا تھا کہ فنی خرابی کے بعد ہیلی کاپٹر کو افغان صوبے لوگر میں کریش لینڈنگ کرنا پڑی، لینڈنگ کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا جب کہ عملے کے 6 افراد کو طالبان کا ایک گروپ اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

Load Next Story