تحریک انصاف کی راولپنڈی سے اسلام آباد تک ریلی ساؤنڈ سسٹم کے کنٹینر میں آگ لگ گئی

نجاب حکومت ریلی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے، نعیم الحق ترجمان پی ٹی آئی


ویب ڈیسک August 13, 2016
تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف احتسان تحریک شروع کررکھی ہے فوٹو: فائل

عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کی احتساب ریلی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں تاہم اس دوران وہاں موجود ساؤنڈ سسٹم کے ایک کنٹینر میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی۔

پاکستان تحریک انصاف احتساب تحریک کے دوسرے مرحلے میں آج راولپنڈی سے اسلام آباد تک ریلی نکال رہی ہے۔ لیاقت باغ راولپنڈی سے نکالی جانے والی ریلی کی سربراہی عمران خان کریں گے۔ تحریک انصاف کے کارکن اپنے رہنماؤں کی قیادت میں لیاقت باغ پہنچیں گے جہاں عمران خان خطاب کریں گے اور اس کے بعد یہ ریلی اسلام آباد کی جانب گامزن ہوجائے گی۔ عمران خان شاہ دی ٹالیاں، ناز سینما اسٹاپ، چاندنی چوک اور پھر اسلام آباد فیصل چوک پر خطاب کریں گے-

تحریک انصاف کی ریلی کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتطامات کئے گئے ہیں، ریلی کے تمام راستے متعلقہ تھانے کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جب کہ ریلی کے اندر سیکیورٹی کے فرائض پارٹی کے کارکن سرانجام دیں گے جب کہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی اقدامات کے تحت میٹرو سروس بند کر دی ہے۔ اسلام آباد کے اہم علاقوں میں 2 ماہ کےلیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے جس کے تحتلاؤڈ اسپیکر کے استعمال، آتش بازی ، اسلحے کی نمائش اور جلسے جلوسوں پرپابندی عائد ہوگی ۔

لیاقت باغ میں موجود ساؤنڈ سسٹم کے کنٹینر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جس پارٹی کے کارکنوں نے دیگر ساؤنڈ کنٹینرز کی سیکیورٹی سنبھال لی واقعے پر تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ کنٹینر پر لگنے والی آگ کی ٹائمنگ اہم ہے تاہم اس سے جلسے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،آگ خود لگی یا کس وجہ سے لگی اس کی تحقیقات کرارہے ہیں۔

دوسری جانب ڈی جے بٹ کا کہنا ہے کہ کنٹینر میں آگ جنریٹر میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث لگی، جس نے بتریج شدت اختیار کی۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج تحریک احتساب ریلی نکالی جارہی ہے لیکن پنجاب حکومت ریلی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف احتسان تحریک شروع کررکھی ہے جس کے تحت گزشتہ ہفتے پشاور سے اٹک تک ریلی نکالی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں