اس یوم آزادی کو آزادیٔ کشمیر کے نام کرتا ہوں وزیراعظم نوازشریف

ہماری افواج، سلامتی كےادارے اورعوام پاکستان كیلیےاپنا خون نہ دیتےتو اس كی بقا وسلامتی ممكن نہ ہوتی،یوم آزادی پر پیغام


ویب ڈیسک August 14, 2016
ہماری افواج، سلامتی كےادارے اورعوام پاکستان كیلیےاپنا خون نہ دیتےتو اس كی بقا وسلامتی ممكن نہ ہوتی،یوم آزادی پر پیغام، فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نوازشریف نے كہا ہے كہ یوم آزادی کا دن پاكستانی قوم كے اس عزم كے ساتھ طلوع ہورہا ہے كہ پاكستان اللہ كے فضل سے ہمیشہ قائم رہے گا جب کہ اس یوم آزادی كو آزادیٔ كشمیر كے نام كرتا ہوں۔

یوم آزادی كے موقع پر قوم كے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نوازشریف نے كہا ہے كہ اس سال 14اگست كا دن روایتی مسرت كے ساتھ دكھ كے گہرے احساس كو بھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے، كوئٹہ كے شہدا كا غم ابھی تازہ ہے آج ہم اُن شہدا كو بھی یاد كر رہے ہیں جنہوں نے اس آزادی كو قائم ركھنے كے لیے اپنی جانوں كا نذرانہ پیش كیا، یہ دن پاكستانی قوم كے اس عزم كے ساتھ طلوع ہورہا ہے كہ پاكستان اللہ كے فضل سے ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 كا جذبہ آج بھی اپنی پوری آب و تاب كے ساتھ زندہ ہے، جب پاكستان كی افواج اورعوام نے ایك ساتھ دشمن كا سامنا كیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں آج موبائل فون سروس بندرکھنے کا فیصلہ

وزیراعظم نے کہا کہ یہ یومِ آزادی اس وجہ سے بھی یاد گار ہے كہ اِن دنوں مقبوضہ كشمیر میں آزادی كا جذبہ اپنے عروج پر ہے، اہلِ كشمیركی نئی نسل نے ایك نئے جذبے كے ساتھ آزادی كا علم اٹھایا ہے، میں اس سال 14 اگست كو آزادی كشمیر كے نام كرتا ہوں اسے ان اہلِ كشمیر كے نام كرتا ہوں جنہوں نے ریاستی جبر كا مقابلہ كیا مگر آزادی كے جذبے كوزندہ ركھا، آزادی كا حصول جتنا مشكل ہے اس كی حفاظت اس سے زیادہ مشكل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم كی قیادت نہ ہوتی تو پاكستان كا قیام ممكن نہ ہوتا، اگر ہماری افواج، سلامتی كے ادارے، پولیس اور عوام اس كے لیے اپنا خون نہ دیتے تو اس كی بقا اور سلامتی ممكن نہ ہوتی۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اگست كے مہینے میں جہاں ہم قائد اور تحریكِ پاكستان كے رہنماؤں اور كاركنوں كو یاد كرتے ہیں وہاں اُن شہدا كی یاد كے چراغ بھی ہمارے دلوں میں روشن ہو جاتے ہیں جو وطن كے لیے جان دے كر امر ہوگئے ہیں، آج ہم اپنے ان سب شہدا كو یاد كر رہے ہیں یہ ریاست كے ہر شعبے، ہر سیاسی جماعت، ہر طبقہ زندگی، ہر مسلك اور ہر مذہب میں ہیں یہ سب پاكستانی ہیں، ہم اپنے ان شہدا كو خراجِ عقیدت پیش كررہے ہیں، ہم ان كی روحوں كو سلام پیش كررہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |