کوئی مائی کالعل بلوچستان کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتا ثنااللہ زہری

بلوچستان کے وارث ہم ہیں مودی نہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان


ویب ڈیسک August 14, 2016
دہشت گردی کی جنگ کو ادھورانہیں چھوڑناچاہئے، ثنا اللہ زہری فوٹو: پی پی آئی

LOS ANGELES: وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کہتے ہیں کہ ہم محب وطن اور اپنے وطن کے وارث ہیں کوئی مائی کالعل بلوچستان کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتا۔

زیارت میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑنا چاہئے، بہادر قومیں سانحات کا مقابلہ کرتی ہیں، دہشت گردوں کو ہم زیادہ کاری ضرب لگائیں گے، اب دہشت گردوں کو وار کرنے سے پہلے ہی ٹھکانے لگادیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم حق پر ہیں اس لئے ہم ضرور جیتیں گے اور دہشت گردوں سے اگلے قدموں پر لڑتے رہیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم محب وطن اور اپنے وطن کے وارث ہیں۔ کوئٹہ میں دہشت گردی کے باوجود خوف نہیں، کشمیر اوربلوچستان کے مسائل کی نوعیت الگ الگ ہے، بلوچستان کے وارث ہم ہیں مودی نہیں، ہم سو مرتبہ پیدا ہوکر سو مرتبہ بھی اپنے وطن پر قربان ہوں تو بھی کوئی غم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر بیٹھے لوگ آکر پاکستان کی سیاست کریں اور پہاڑوں پرچھپے لوگ آکر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں، بندوق اٹھانے والے بھی الیکشن لڑ کر اپنی اہمیت کا اندازہ کرلیں۔

ثنا اللہ زہری ہر آزاد ملک کو ترقی کرنے کا حق ہے، پاک چین اقتصادی راہ داری اغیار کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے لیکن ہم اپنی جانوں پر کھیل کر اقتصادی راہداری کی حفاظت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔