مون سون میں صحت مند جلد
بارش کے دنوں میں اگر آپ کی جلد خشک ہونے لگے، تو عرق گلاب اور گلیسرین کا آمیزہ رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں۔
احتیاطی تدابیر کے ذریعے پریشانی سے بچا جا سکتا ہے ۔ فوٹو : فائل
BANGKOK:
گرمیوں کے دوران مون سون کا موسم راحت اور سکون کا احساس پیدا کرتا ہے، تو دوسری طرف کبھی کبھی یہ ہماری جلد کے حوالے سے کئی مسائل سامنے لاتا ہے۔ گرمی کی وجہ سے جو دانے جلد پر ہو جاتے ہیں، وہ بارش کے دنوں میں نمی کو جلد میں داخل ہونے کا راستہ دیتے ہیں۔ اس سلسلے میں مون سون کے دوران کچھ احتیاطی تدابیر کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ جلد کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔
مون سون کے دنوں میں فنگل انفیکشن کے مسائل سامنے آتے ہیں۔ یہ عموماً گیلی جلد کو زیادہ متاثر کرتا ہے۔ برسات کے دنوں میں جلد بھیگ کر نرم ہو کر زیادہ آسان ہدف بن جاتی ہے۔ اس کا نتیجہ جلد میں خارش، جلن، جلد کا سرخ ہو جانا، جلد پر جگہ جگہ دھبے کی شکل میں سامنے آتا ہے۔
مون سون کے دوران بچوں اور بڑوں دونوں کو ہی خارش ہو جاتی ہے اور اس کی وجہ ایک حشرات الارض ہوتا ہے، جسے ''مائٹ'' کہتے ہیں۔ اگر بچے کے جسم کے کسی حصے پر خارش کی شکایت ہو جائے اور وہ بھی رات کے وقت تو فوراً کسی ماہر جلد سے رجوع کریں۔ یہ حالت ٹھیک نہیں ہوتی، اگر اس کا باقاعدہ علاج نہیں کرایا گیا، تو یہ پورے گھر کے افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔
بارش کے دنوں میں جلد کمزور، بیمار اور چکنی چکنی نظر آنے لگتی ہے۔ کبھی کبھار اس پر خارش بھی ہونے لگتی ہے۔ اس حوالے سے چند باتوں پر غور کریں۔
بارش کے دنوں میں اگر آپ کی جلد خشک ہونے لگے، تو عرق گلاب اور گلیسرین کا آمیزہ رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں۔ آپ بادام اور شہد کا آمیزہ بھی بنا سکتی ہیں۔ اسے 20 منٹ تک چہرے پر لگائے رہنے سے آپ کی جلد نرم ہو جائے گی۔
مون سون کے موسم میں چکنی جلد زیادہ متاثر ہوتی ہے۔ ایسی جلد کے لیے واٹر بیسڈ موئسچرائزر کا استعمال کریں اور دن میں تین بار اپنے چہرے کو دھوئیں۔ بیسن کو عرق گلاب یا دودھ میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔ اس سے آپ کی جلد کی صفائی بھی ہوگی اور جلد پر آنے والی چکنائی کا بھی خاتمہ ہوگا۔
خواتین تھوڑی سی توجہ سے بارش کے موسم میں بھی اپنی جلد کو مسائل سے بچا کر تروتازہ رکھ سکتی ہیں۔
٭ چہرے کو گردوغبار اور موسمی اثرات سے بچانے کے لیے ہفتے میں دو بار فیس اسکرب کریں اور بھاری موئسچرائزنگ کریم، آئلی فاؤنڈیشن اور کریم بیسڈ کلر میک اپ سے دور رہیں تو بہتر ہے۔ فیس واش، جلد کو تازگی بخشتا ہے، مگر اسے دن میں ایک بار سے زائد استعمال نہ کریں۔
٭ جب بھی چہرہ دھوئیں، تو ہر بار ٹونر لگائیں۔
٭مون سون کے دنوں میں اگر جلد میں چپچپاہٹ کا احساس ہو تو اس سے بچنے کے لیے ایک کھانے کا چمچا صندل کی لکڑی کے پاؤڈر کو عرق گلاب میں ملائیں اور اسے چہرے، ہاتھ، بازو اور پاؤں پر لگائیں یا ناریل کے تیل میں زیرہ پاؤڈر ملائیں اور اسے گردن اور آس پاس لگائیں، بعد میں غسل کرلیں۔
٭چکنی جلد کے لیے شہد اور لیموں کے ہم وزن رس ملا کر چہرے پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد چہرہ دھو لیں۔ آپ چاہیں، تو اس میں انڈے کی سفیدی کو بھی شامل کر سکتی ہیں۔ یہ چکنی جلد کے لیے بہت مناسب ہے۔
٭اگر آپ کی جلد خشک ہے، تو ایک کھانے کا چمچا کریم میں عرق گلاب ملائیں اور اسے چہرے پر لگائیں اور 15 منٹ کے بعد دھو لیں۔
٭چکنی جلد کو موئسچرائزر کرنے کے لیے دو چائے کے چمچے عرق گلاب، دو سے چار قطرے اسٹرابری آئل اور دو سے چار قطرے اورنج آئل ملا کر اسے چہرے اور ہاتھ پاؤں پر لگائیں اور دس سے پندرہ منٹ کے بعد دھولیں۔
٭چکنی جلد کی صفائی کے لیے دودھ کو ابالے بغیر بیسن میں ملا کر چہرے، ہاتھ بازو اور پاؤں پر لگائیں۔ اس کے علاوہ چکنی جلد پر پپیتا ملیں اور چند منٹ کے بعد غسل کرلیں۔ اس سے چکنائی بھی زائل ہوگی اور جلد کی صفائی بھی ہو جائے گی۔
٭خشک جلد کی صفائی کے لیے دو چائے کے چمچے شہد اور سات سے آٹھ عدد بادام کا پاؤڈر ملا کر آمیزہ بنالیں اور اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے دیں۔ خشک ہو جائے، تو چہرے کو مکمل طور پر دھولیں پھر تولیے سے رگڑ کر پانی خشک کرنے کے بہ جائے صرف تھپتھپالیں۔ اس سے چہرہ دمک اٹھے گا۔
٭خشک اور مردہ جلد میں زندگی لانے کے لیے شہد اور دہی کی یک ساں مقدار لے کر ملا لیں اسے چہرے اور گردن پر لگائیں اور 15 منٹ بعد چہرہ دھولیں۔
٭بارش کے دنوں میں رات کے وقت جلد کی ٹوننگ بہت ضروری ہوتی ہے۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے کوئی بھی اچھا سا اینٹی انفیکشن بیکٹریل ٹونر استعمال کریں۔ گھر میں بھی آپ تیار کر سکتی ہیں، اس کے لیے ایک چائے کے چمچے دودھ میں پانچ قطرے چنبیلی کا تیل ملائیں اور اگر جلد چکنی ہو تو لیونڈر آئل میں تھوڑا پانی ملا کر پتلا کرلیں اور پھر چہرے پر لگائیں۔
٭ایک پیالی عرق گلاب میں دو چائے کے چمچے گلیسرین ملائیں اور اسے پورے جسم پر لگائیں۔ 15 منٹ کے بعد غسل کرلیں۔ پورے جسم کی خشکی ختم ہو جائے گی۔
٭ کھیرا کچل کر اس میں صندل کی لکڑی کا پاؤڈر ملائیں اور پورے جسم پر لگائیں، جلد کو تازگی ملے گی اور خوش بو بھی۔