ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وطن واپس پہنچ کر کروں گا مصباح الحق

جشن آزادی کے موقع پرانگلینڈ کیخلاف جیت کا مزہ دوبالا گیا اور یہ کامیابی لٹل ماسٹرحنیف محمد کے نام کرتا ہوں،کپتان


ویب ڈیسک August 14, 2016
جشن آزادی کے موقع پرانگلینڈ کیخلاف جیت کا مزہ دوبالا گیا اور یہ کامیابی لٹل ماسٹرحنیف محمد کے نام کرتا ہوں،کپتان مصباح الحق۔ فوٹو:فائل

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ابھی نہیں کیا جب کہ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ واطن واپس جا کرکروں گا۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اوول ٹیسٹ میچ میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور خاص طور پر یونس خان نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ عظیم بلے باز ہیں جو گزشتہ 16 سال سے پاکستان ٹیم کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں جب کہ یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کی بدولت مخالف ٹیم کے اوسان خطا کئے اور فتح کو یقینی بنایا۔

اپنے مستقبل کے حوالے سے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ بڑھتی عمر کرکٹ سے دوری کی وجہ نہیں بنتی لیکن بعض اوقات آپ ذہنی طور پر تھک جاتے ہیں تاہم جب آپ اچھا کھیل رہے ہوں تو بڑھتی عمر کوئی معنیٰ نہیں رکھتی۔ انہوں نے قومی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے مجھے بہت اعتماد بخشا اور کھیلتے جانا اور اپنے آپ کو ثابت کرتے جانے کے عمل نے مجھے پاکستان کے لئے کھیلنے پر مجبور کیا تاہم ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس وطن جا کر کروں گا۔

اوول ٹیسٹ میں فتح پر مصباح الحق نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر انگلینڈ کے خلاف جیت کا مزہ دوبالا ہو گیا لیکن اس ٹیسٹ کے دوران ہم نے اپنے عظیم کرکٹر حنیف محمد کو کھود دیا اس لئے اوول ٹیسٹ کی کامیابی حنیف محمد کے نام کرتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔