انگلینڈ سے سیریزحفیظ کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی

اوپنر 6 اننگز میں 17 کی اوسط سے 102رنز ہی بناپائے، یاسرشاہ نے 15.50 کی ایوریج پائی


Sports Desk August 15, 2016
یونس نے ڈبل سنچری کی بدولت مجموعی رنز 340 کرلیے، کرس ووئکس کے 26 شکار ۔ فوٹو : فائل

انگلینڈ کیخلاف چار ٹیسٹ میچز کی سیریز اوپنر محمد حفیظ کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی، وہ ابتدائی تین میچز میں شرکت کرتے ہوئے 6 مواقع ملنے کے باوجود 17 کی واجبی اوسط سے محض 102رنز اسکور کرپائے۔

پاکستانی اسٹار یونس خان ڈبل سنچری کی بدولت مجموعی طور پر 340 رنز جوڑ کر نمایاں رہے، انھوں نے تمام میچز کی 7 اننگز میں48.57 کی اوسط سے رنز اسکور کیے۔ اس میں ان کی بہترین کاوش اوول ٹیسٹ میں 218 رنزرہی، اظہرعلی 295رنز بناکر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، جنھوں نے 8 اننگز میں 42.14 کی ایوریج حاصل کی، کپتان مصباح الحق 282رنز بنانے میں کامیاب رہے، اوول میں 109 کی باری کھیلنے والے اسد شفیق نے بھی مجموعی رنز 274 کرلیے، وکٹ کیپرسرفراز احمد نے 193رنز اسکورکیے، نوجوان اوپنر سمیع اسلم نے 2 میچز کی 4 اننگزمیں55.66 کی بہترین اوسط سے167 رنز اپنے نام جوڑے، محمد عامر107رنز بناکر نمایاں رہے، جس میں ان کی بہترین کاوش39 رنز ناٹ آؤٹ ہے، یاسرشاہ نے بھی 15.33 کی اوسط سے 92رنز اپنے نام درج کرائے، بولنگ میں لارڈز ٹیسٹ میں10وکٹیں اڑانے والے یاسر نے مجموعی طور پر 19 شکار کیے۔

سہیل خان نے 13 وکٹیں لیکر اس دورے کو اپنے لیے کامیاب بنالیا، عامر نے 12 بارکھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، وہاب ریاض کے حصے میں 10 وکٹیں آئیں، راحت علی 8 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، دوسری جانب انگلش بیٹسمین جوئے روٹ کیلیے سیریز قیمتی رہی، انھوں نے تمام 8 اننگز میں 73.14 کی اوسط سے 512رنز جوڑے، کپتان الیسٹرکک 423، جونی بیئراسٹو366، معین علی 316 اور کرس ووئکس 177رنز بناکر نمایاں رہے، گرے بیلنس 195، جیمز ونس158 اورالیکس ہیلز145رنز جوڑنے میں کامیاب رہے، انگلش پیسر ووئکس 26 وکٹیں لیکر کامیاب ترین بولر بنے، اسٹورٹ براڈ 13 اور معین علی نے 11 شکار کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں