شیو سینا کا پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ

پاکستانی ہائی کمیشن کوبند کردینا چاہیے جو بھارت میں بیٹھ کر زہر اگل رہا ہے، سنجے راؤت

56 انچ چوڑے سینے والے نریندر مودی کی حکومت پاکستان سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے کشمیر کے بارے میں بیان پرآگ بگولہ ہو گئی اور مودی سرکار سے پاکستانی ہائی کمشنر کو 24 گھنٹوں کے اندر ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے کشمیر بارے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نئی دہلی اور ممبئی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دفتر کو بند کردینا چاہیئے، جو شخص نئی دہلی میں بیٹھ کر بھارت کے خلاف زہر اگل رہا ہے اسے 24 گھنٹوں کے اندر اسلام آباد واپس بھیج دینا چاہیئے، امید ہے کہ مودی سرکار ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔ سنجے راؤت نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ میں نہیں آتا پاکستان ایک قوم کے طور پر یوم آزادی کیوں منا رہا ہے، پاکستان ایک قوم نہیں بلکہ دہشت گردوں کا گڑھ ہے۔


کانگریس نے بھی پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کے کشمیر کے بارے میں بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عبدالباسط سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ 56 انچ چوڑے سینے والے نریندر مودی کی حکومت پاکستان سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں جشن آزادی کو کشمیر کی آزادی کے نام کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد کے ذریعے آزادی حاصل کر کے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔ عبدالباسط نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی سفارتی اوراخلاقی مدد جاری رکھے گا۔
Load Next Story